سوئیڈن میں والوو سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی نہیں رہی

والوو

،تصویر کا ذریعہAP

54 سال میں پہلی مرتبہ سوئیڈن میں والوو کمپنی کی گاڑی ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں کی فہرست میں اپنی اول پوزیشن برقرار نہ رکھ سکی۔

سوئیڈن کی کار بنانے والی کمپنیوں کی ایسوسی ایشن کے مطابق جرمن کمپنی واکس ویگن کی گاڑی گولف 2016 میں یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

1962 میں آخری بار والوو کمپنی کی گاڑی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر تھی۔

والوو کمپنی اب چین کے کاروباری گروپ جہجی آنگ جیلی کی ملکیت میں ہے لیکن اس کو سوئیڈن کی صف اول کی کمپنی کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کے ابھی بھی مجموعی طور پر والوو کمپنی کی گاڑیاں ملک میں سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہیں اور ہر پانچ میں سے ایک گاڑی والوو ہوتی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق سال 2016 ملک بھر میں 372000 گاڑیاں فروخت ہویئں جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں آٹھ فیصد زیادہ ہے۔