غزہ میں لوگوں پر کیا گزر رہی ہے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بین الاقوامی امدادی ادارے ’ریڈ کراس‘ نے غزہ پر اسرائیل بمباری سے پیدا ہونے والے انسانی بحران کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ آئی سی آر سی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات سے غزہ میں اسرائیلی حملے کے بعد جو صورت حال پیدا ہوئی ہے اس کی دل ہلا دینے والی تصویر سامنے آتی ہے۔ آئی سی آر سی کے اہلکاروں نے بتایا کہ زیتون کے علاقے میں انہوں نے ایک مکان میں چار بچوں کو بھوک اور پیاس سے نڈہال دیکھا جو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے قابل نہیں تھے اور خوف کے عالم میں اپنی ماں کی لاش کے قریب بیٹھے تھے۔ ریڈ کراس کے ایک اہلکار ایاد نصر نے بی بی سی کو بتایا کہ جو کچھ انہوں نے غزہ میں دیکھا ہے وہ آپ کا دل ہلا دے گا۔ ’لوگ بغیر خوراک اور پانی مدد کے انتظار میں دم توڑ رہے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ چار دن قبل ریڈ کراس نے اسرائیلی حکام سے علاقے میں جانے کی اجازت مانگی تھی لیکن چار دن گزرنے اور متعدد درخواستوں کے بعد انہیں علاقے میں جانے دیا گیا۔ آئی سی آر سی نے کہا کہ جنوری کی سات تاریخ کو فلسطینی ہلال احمر اور ریڈ کراس کی چار ایمبولینسوں کو زیتوں کے علاقے میں جانے کی اجازت دی گئی۔ آئی سی آر سی نے کہا کہ بھوک اور پیاس سےنڈہال بچوں کے علاوہ انہیں ایک شخص نیم مردہ حالت میں ملا جس کے پاس ایک دری پر بارہ افراد کی لاشیں پڑی تھیں۔ ایک اور گھر میں آئی سی آر سی کو پندرہ افراد ملے جن میں بعض اسرائیلی بمباری سے زخمی بھی تھے۔ ایک اور گھر میں انہیں تین لاشیں ملیں۔
ان گھروں سے اسی میٹر کے فاصلے پر اسرائیلی فوجی چوکی پر موجود فوجیوں نے انہیں علاقے سے نکل جانے کو کہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ آئی سی آر سی کے علاقائی سربراہ پیری وٹاچ نے اسے انتہائی ہولناک واقعہ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ’اسرائیلی فوج اس صورت حال سے آگاہ تھے لیکن انہوں نے زخمیوں کو مدد فراہم نہیں کرنے دی اور نہ ہی انہوں نے ہمیں اور نہ ہی فلسطینی ہلال احمر کو مدد فراہم کرنے دی۔‘ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے بنائی جانے والی مٹی کی دیواروں کی وجہ سے ایمبولینسوں کا پہنچنا بھی مشکل تھا۔ اس وجہ سے گدھا گاڑیوں پر زخمیوں کو ہپستالوں تک پہنچایا گیا۔ آئی سی آر سی کی ٹیم نے اٹھارہ زخمیوں اور بارہ نڈھال لوگوں کو وہاں سے نکالا۔ آئی سی آر سی کو بتایا کہ اس علاقے کے دوسرے گھروں میں بھی زخمی ہیں۔ آئی سی آر سی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایمبولینسوں کو محفوظ راستہ فراہم کرے۔ آئی سی آر سی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہا ہے۔ | اسی بارے میں غزہ میں امدادی کام بند کرنے کا اعلان08 January, 2009 | آس پاس لبنان سے اسرائیل پر راکٹ فائر08 January, 2009 | آس پاس حماس کی تباہی میں عربوں کی دلچسپی ؟08 January, 2009 | آس پاس اسرائیل’فائربندی اصولوں‘پر راضی07 January, 2009 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||