عراق:’بد عنوانی سےاربوں کانقصان‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں تعمیر نو کے کام کی نگرانی کرنے والے امریکی حکام کا کہنا ہے کہ عراق کی حکومت میں بدعنوانی کی وجہ سے اربوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اِس رقم سے مزاحمت کاروں کی مدد بھی ہورہی ہے۔ عراق میں تعمیرِ نو کے کام کے سپیشل انسپکٹر جنرل سٹورٹ بوون نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ عراق کو اب ایک دوسری طرح کی مزاحمت کاری کا سامنا ہے جو کہ فراڈ اور بدعنوانی پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اِسے دوسری مزاحمت کاری کہونگا۔ ’اِس خرد برد کی گئی رقم سے مجرم امیر کبیر تو نہیں ہورہے لیکن اکثر یہ رقم مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ملیشیا یا مزاحمت کاروں تک پہنچ جاتی ہے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ امریکی فوجیوں کی ہلاکت میں یہ رقم بھی کام آتی ہے‘۔
بوون نے مزید کہا کہ تعمیر نو کی کاوشوں میں رقم کی خرد برد سے بھی بڑی رکاوٹ عراقی حکام کی نا اہلی ہے کیونکہ کئی عراقی حکام محکمہ جاتی فنڈ کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی صلاحیت اور تربیت سے قطعی محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تخمینوں کے مطابق عراق کے بجٹ کا آٹھ سے دس ارب ڈالر ہر سال صرف اِس لیے ضائع ہوجاتا ہے کہ متعلقہ حکام میں اِس رقم کو خرچ کرنے کی اہلیت ہی نہیں ہے۔ ’اِس بات سے میرا مطلب یہ ہے کہ عراق کی وزارتیں اپنے عملے کی تنخواہیں اور اور ادارے کے دیگر اخراجات کے علاوہ رقم خرچ کرنے کی اہلیت نہیں رکھتیں‘۔ امریکی حکام کے عراقی حکام پر بدعنوانی کے الزامات ایک طرف لیکن صدام حسین کے دور حکومت میں وزیر تیل رہنے والے احمد چلابی کہتے ہیں کہ امریکیوں نے تیل کی تنصیبات پر میٹر نصب نہیں کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹر ان تنصیبات پر نصب نہیں کیے گئے جو ساحل سے دور گہرے سمندر میں ہیں اور جہاں مزاحمت کاروں کے حملے کا خدشہ بھی نہیں ہے۔’سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر امریکیوں نے یہ میٹر کیوں نہیں لگائے جن سے برآمد ہونے والے خام تیل کا حساب رکھا جاسکے‘۔ امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں امریکی کانگریس اور سینٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت اور وزیر داخلہ ڈونلڈ رمز فیلڈ کے مستعفی ہونے کے ساتھ جہاں عراق سے امریکی افواج کے جلد انخلاء کے لیے امیدیں مضبوط ہوتی نظر آرہیں ہیں تو وہیں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ صدام دور کے خاتمے کے بعد سے عراق کے قدرتی وسائل کے استعمال پر نئے سرے سے تفتیش شروع کی جاسکتی ہے۔ | اسی بارے میں امریکی فوجی ٹھیکوں میں گھپلے24 February, 2004 | آس پاس صدام حکومت نے21 ارب ڈالر کمائے16 November, 2004 | آس پاس بدعنوانیوں کے خلاف عالمی معاہدہ01 November, 2003 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||