’اسرائیلیوں کا قبرستان بنا دیں گے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حزب اللہ کے رہنما شیخ حسن نصراللہ نے دھمکی ہے کہ جنوبی لبنان کو اسرائیلی فوجیوں کا قبرستان بنا دیا جائے گا۔ ایک ٹیلی ویژن خطاب میں شیخ حسن نصراللہ نے کہا کہ حزب اللہ لڑائی کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن اگر اسرائیل زمینی جنگ کو بڑھانا چاہتا ہے تو اس کے خلاف مزاحمت کے لیئے ہزاروں جنگجو تیار کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک اسرائیل لبنان کی جنوبی سرحد کے ساتھ ساتھ ایک تنگ پٹی کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری سے حزب اللہ کی راکٹ داغنے کی صلاحیت کمزور نہیں ہوئی۔ حزب اللہ کے رہنما نے لبنان میں جنگ بندی سے متعلق فرانس اور امریکی کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی قرارداد پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے جانبدارانہ اور غیرمنصفانہ قرار دیا۔ یہ پہلا موقعہ تھا کہ شیخ حسن نصراللہ نے سلامتی کونسل کی قرار داد پر عوامی سطح پر کوئی ردِ عمل ظاہر کیا ہو۔ شیخ حسن نصراللہ نے ملک کے جنوبی حصے میں فوج کی تعیناتی سے متعلق لبنانی حکومت کے منصوبے کی حمایت کا اعادہ کیا۔ تاہم انہوں نے لبنان کے جنوب میں بین الاقوامی امن فوج کی تعیناتی کے منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ درایں اثناء حزب اللہ نے ان الزامات کی تردید کی کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج سے برسرپیکار حزب اللہ دستوں میں ایرانی جنگجو بھی شامل ہیں۔ اس سے پہلے اسرائیلی ٹی وی چینل 10 نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے الزام لگایا تھا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں میں ایرانی انقلابی گارڈ کے ارکان بھی شامل تھے۔ ٹی وی چینل کے مطابق ان ایرانیوں کو مبینہ طور پر ان سے برآمد ہونے والے کاغذات کی مدد سے شناخت کیا گیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||