’کاسترو کو پارکنسنز ہے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کا دعویٰ ہے کہ کیوبا کے صدر فیڈل کاسترو کو پارکنسنز کی بیماری ہے۔ سی آئی اے کے مطابق ان کو یہ بات کیوبا کے رہنما کے ویڈیو ٹیپ سمیت کئی اور شواہد سے معلوم ہوئی ہے۔ تاہم کیوبا میں حکام نے سی آئی اے کی اس رپورٹ پر کچھ کہنے سے گریز کیا ہے اور صرف یہ کہا ہے کہ صدر کاسترو کی صحت اچھی ہے۔ اناسی سالہ فیڈل کاسترو کی صحت پر امریکی کئی برس سے قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ کاسترو پچھلے چھیالیس سال سے اقتدار میں ہیں اور سی آئی اے ان کو اقتدار سے ہٹانے کی کئی نا کام کوششیں کر چکا ہے۔ سی آئی اے کی رپورٹ کے بارے میں ایک امریکی اہلکار نے رائٹرز خبر رساں ایجنسی سے کہا ہے کہ اب یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ کاسترو کی بیماری کافی بڑھ گئی ہے۔ تاہم امریکی وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ یہ کوئی زیادہ اہم بات نہیں ہے اور امریکہ اپنے کوئی فیصلے اس رپورٹ کی بنیاد پر نہیں کرے گا۔ صدر کاسترو کئی برس سے اپنی صحت کے بارے میں قیاس آرائیوں کی تردید کرتے آرہے ہیں۔ حال میں آرجنٹینا کے سابق فٹبال کے کھلاڑی ڈئیگو میراڈونا کے ساتھ ایک انٹرویو میں صدر کاسترو نے کہا کہ ان کے بارے میں اتنے عرصے سے قیاس آرائیاں پھیل رہی ہیں کہ جس دن ان کا واقعی انتقال ہو جائے گا تو لوگ اس خبر پر یقین نہیں کریں گے۔ کاسترو کی صحت پچھلے برس کے بعد سے ٹھیک نہیں رہی ہے جب سے وہ ایک تقریر دیتے ہوئے سٹیج سے گر گئے تھے اور ان کے گھٹنے میں فریکچر آگیا تھا۔ فیدل کاسترو پچھلے چھیالیس برس سے کیوبا کے صدر ہیں اور آج دنیا کے سب سے طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والے رہنما ہیں ۔ انہوں نے اپنے چہوتہر سالہ بھائی راوُول کاسترو کو اپنا سیاسی جاں نشین مقرر کیا ہے جو آج کل کیوبا کے وزیر دفاع ہیں۔ | اسی بارے میں فیڈل کاسترو میراڈونا کے مہمان29 October, 2005 | آس پاس کاسترو کا ’کامیاب‘ آپریشن22 October, 2004 | آس پاس کاسترو کا گھٹنا و بازو ٹوٹ گئے21 October, 2004 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||