کابل میں نیا فائیو سٹار ہوٹل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عالمی معیارکا ایک نیا ہوٹل کھولا گیا ہے، جو طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد افغانستان کا پہلا فائیو سٹار ہوٹل ہے۔ سیرینا ہوٹل کا افتتاح افغان صدر حامد کرزئی نے کیا ہے اور اسے جنگ کے دوران تباہ ہونے والے ایک ہوٹل کی باقیات پر تعمیر کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ ہوٹل کاروباری افراد کی زیادہ آمد کا باعث بنےگا، جو اس غریب ملک میں سرمایہ کاری کریں گے۔ اسی طرح مستقبل بعید میں یہ ہوٹل سیاحوں کے لیے بھی پر کشش ہو گا۔
سیرینا ہوٹل، جس کے فرش پتھر کے ہیں اور تمام آرائشی لوازمات قیمتی ہیں، دیکھنے میں ہر طرح سے ایک فائیو سٹار ہوٹل لگتا ہے۔ اس میں ہر وہ چیز ہے جس کی توقع کی جا سکتی ہے، ان سہولیات میں سوئمنگ پول، جِم اور 177 آرام دہ کمرے شامل ہیں۔ کمرے کا تعارفی کرایہ 250 ڈالر فی رات ہے۔ اس میں رہنا واقعی ایک خوش قسمتی ہے، کیونکہ اس ملک میں یہ کرایہ بہت سے لوگوں کی سال بھر کی آمدن کے برابر ہے۔ اس ہوٹل کی تعمیر میں دو سال سے زائد عرصہ لگا ہے۔ اور اس کی لاگت کا تخمینہ ساڑھے تین کروڑ ڈالر ہے۔ اس میں سے بہت سا روپیہ اسے زلزلے سے محفوظ بنانے میں لگا ہے، اس کے علاوہ اس عمارت کو خود کفیل بنانے میں بھی کافی سرمایہ خرچ ہوا ہے، کیونکہ کابل میں شہری سہولیات کا نظام ابھی تک تباہ حال ہے۔پانی کے لیے ہوٹل کے اپنے کنویں ہیں اور نکاسی کا اپنا انتظام ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بجلی پیدا کرنے کے لیے اس میں علیحدہ نظام ہے۔ یہ کابل کا پہلا فائیو سٹار ہوٹل نہیں ہے۔ یہ امتیاز سٹی انٹرکانٹینینٹل کو حاصل ہے، جو ساٹھ کی دہائی میں بنایا گیا تھا، لیکن جنگ کے سالوں میں بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ ویسے بھی یہ شہر کے مضافاتی علاقے میں واقع ہے۔ سیرینا شہر کے قلب میں صدارتی محل کے قریب بنایا گیا ہے۔ اس کے مالک پرنس کریم آغا خان ہیں جو اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا ہیں۔ اس ہوٹل کو ان کی ترقیاتی فاؤنڈیشن نے افغان حکومت کی درخواست پر بنایا ہے۔ شہر میں رہائشی سہولتوں اور ہوٹلوں کی قلت ہے۔ کابل جانے والے زیادہ تر لوگ مہمان خانوں میں قیام کرتے ہیں اور حکومت کو امید ہے کہ یہ نیا ہوٹل سیاحوں کی آمد میں اضافے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ کابل کا ایک اور مشہور ہوٹل ارینا کاروبار سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی پہنچ سے باہر ہے۔ اگرچہ اس کی عمارت مضبوط ہے، لیکن یہ سی آئی اے کے مقامی ہیڈ کوارٹر کے طور پر امریکہ کے استعمال میں ہے۔ | اسی بارے میں کابل: تین غیرملکی کارکن اغوا28 October, 2004 | آس پاس بےگھر افغان بچوں کا آشیانہ نیلام14 April, 2005 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||