جاپان میں زلزلےکے بعد سونامی الرٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جاپان کے شمال مشرقی ساحل پر ایک طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ریکٹر سکیل پر اس زلزلے کی طاقت سات اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد جاپان کے ساحل پر سونامی الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ زلزلے کا مرکز میاگی میں ساحل سے اسی کلومیٹر کے فاصلے پر زیرِ آب بیان کیا جارہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے ٹوکیو میں کئی عمارتوں کو ہلتے ہوئے دیکھا ہے۔ جاپان میں پچھلے ماہ چھ اعشاریہ زیرو کی طاقت کا ایک زلزلہ آیا تھا جس میں دو درجن سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ابھی تک صرف چند افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر افراد اس وقت زخمی ہوئے جب ٹوکیو سے تین سو کلو میٹر دور سینڈائی شہر میں ایک ان ڈور سوئمنگ پول کی چھت گر گئی۔ زلزلے کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی اور زمین کا کٹاؤ دیکھنے میں آیا۔ زلزلے کی وجہ سے مقامی نوعیت کے دو سونامی آئے ہیں۔ زلزلے کی بعد ٹوکیو کا ہانیڈا ہوائی اڈا عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور شمالی جاپان میں چلنے والی تیز رفتار ٹرینوں کی سروس معطل کر دی گئی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||