بلیئر کا بناؤ سنگھار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ کا وزیرِاعظم منتخب ہونے کے بعد ٹونی بلیئر نے اب تک اپنے بناؤ سنگھار پر اٹھارہ سو پونڈ خرچ کیے ہیں۔ 1999 سے 2005 تک ڈاؤننگ سٹریٹ نے ٹونی بلیئر کےمیک اپ کے سامان پر ایک ہزار پچاس پونڈ خرچ کیے ہیں جبکہ اسی دورانیہ میں سات سو اکانوے پونڈ میک اپ کرنے والے افراد کو ادا کیے گئے۔ وزیرِاعظم بلیئر کے میک اپ اخراجات کی تفصیل جمعرات کو حکومتی وہپ لارڈ بسام آف برائٹن نے ٹوری رکن پارلیمان ہیننگ فیلڈ کے سوال کے جواب میں پارلیمان میں پیش کی۔ اخبار سنڈے ٹائمز کا کہنا ہے کہ ٹونی بلیئر کے میک اپ کا خرچہ عراق جنگ کے دوران زیادہ رہا کیونکہ وہ ان دنوں دباؤ میں تھے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ 2003 سے 2004 تک کے دوران بلیئر نے اپنے بناؤ سنگھار پر سب سے زیادہ رقم خرچ کی اور یہی وہ عرصہ تھا جب ان سے عراق میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے متعلق سوالات کیے جا رہے تھے۔ ٹونی بلیئر کا یہ خرچہ آئرش وزیرِاعظم برٹی آہرن کے خرچ کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔ برٹی آہرن نے1997 سے لے کر اب تک اپنے بناؤ سنگھار پر ایک لاکھ پندرہ ہزار پونڈ خرچ کر دیے ہیں۔ برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ نے جون میں اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ آئرش وزیرِاعظم نےگزشتہ برس انیس ہزار برطانوی پونڈ اپنے میک اپ پر خرچ کیے۔ جبکہ 1997 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک آئرش عوام کی کمائی میں سے برٹی آہرن کے میک اپ پر ایک لاکھ پندرہ ہزار آٹھ سو پچانوے پونڈ خرچ ہو چکے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||