’غربت ختم کرو‘: احتجاجی مارچ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایڈنبرا میں جی ایٹ ممالک کے سربراہ اجلاس کے موقع پر غربت کے خلاف مہم میں شریک ہزاروں افراد نے احتجاج کیا ہے۔ منتظمین، پولیس اور شہر کی کونسل کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس احتجاجی مارچ میں دو لاکھ پچیس ہزار افرد نے شرکت کی۔ مارچ میں شریک افراد سے مذہیی اور سیاسی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ ان مشہور شخصیات نے بھی جو غربت کے خلاف ہیں لوگوں کے اس ہجوم کے سامنے تقریریں کیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگلے ہفتے جی ایٹ کے اجلاس میں غربت کے خاتمے کے لیے اقدام کیا جائے۔ ہفتے کو ہونے والا یہ احتجاجی مارچ بدھ کو جی ایٹ کے اجلاس سے قبل متعدد مختلف پروگراموں میں سے ایک ہے۔ ایک طرف یہ احتجاجی مارچ ہو رہا تھا تو دوسری طرف لندن سمیت دنیا کے کئی شہروں میں موسیقی کے لائیو ایٹ پروگرام چل رہے تھے۔ ایڈنبرا میں احتجاجی مارچ میں شریک افراد کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک ترجمان نے کہا کہ منتظمین اس بات سے بہت خوش ہیں کہ بہت سے لوگوں نے یہاں آ کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ انہیں دوسروں کی پروا ہے۔ پولیس کے ایک نائب چیف نے ہجوم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو لاکھ سے زیادہ تعداد میں آنے والے لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے پولیس کے ساتھ تعاون کیا۔ اس مارچ کے دوران پولیس کو صرف ایک شخص کو گرفتار کرنا پڑا اور وہ بھی کتے سے متعلق ایک معاملے پر نہ کہ امن و امان کی صورتِ حال کے حوالے سے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||