 |  ہینری کسنجر اور نکسن (فائل فوٹو) |
امریکہ کے سابق وزیر خارجہ ہینری کسنجر نے بھارت کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی اور بھارتی قوم کے بارے میں انیس سو اکہتر میں اپنے کلمات کے بارے میں معذرت کر لی ہے۔ اس ہفتے کے شروع میں امریکی حکومت نے تیس سال پرانی خفیہ دستاویزات شائع کی ہیں جس کے مطابق ہینری کسنجر نے صدر نکسن کے ساتھ اپنی گفتگو میں بھارت کی سابق وزیر اعظم اور بھارتی قوم کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔ بھارت کے ایک ٹی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ہینری کسنجر نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ اس وقت انہوں نے یہ الفاظ استعمال کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرد جنگ کے زمانے کی بات ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ ہونے والی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی نگاہ میں بھارت کی سابق وزیر اعظم کی بہت عزت ہے۔ امریکہ اور سویت یونین کے درمیان جاری سرد جنگ کے زمانے میں بھارتی حکومت کی سویت یونین کے ساتھ قریبی سفارتی روابط تھے۔ |