عرب امارات: صحرا میں برفباری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
متحدہ عرب امارات کے علاقے راس الخیمہ میں ایک طویل عرصے کے بعد برف باری ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کے لیے یہ منظر نہایت حیرت ناک تھا۔ متحدہ عرب امارات شدیدگرم موسم کے لیے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بتایا ہے کہ راس الخیمہ کی پہاڑیوں پر برف باری ہوئی ہے اور علاقے کو سردی کی لہر نے لپیٹ میں لے لیا ہے۔ علاقے کے بہت سے رہائشیوں نے بتایا کہ یہ ان کی زندگی میں ہونے والی پہلی برف باری ہے۔ ایک ماہرِ موسمیات نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ یہ ایک انوکھا واقعہ ہے جو کہ بیس سے تیس برس کے بعد رونما ہوتا ہے۔ مقامی اخبارات کے مطابق علاقے کے لوگ الجیس نامی پہاڑیوں کو برف پوش دیکھ کر حیرت زدہ ہوگئے۔ گلف نیوز کا کہنا ہے کہ’ اس علاقے میں گزشتہ دو دن سے شدید برف باری ہو رہی ہے اور علاقے میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے پانچ درجے نیچے تک پہنچ گیا ہے‘۔ اخبار نے اپنی خبر میں یہ بھی کہا ہے کہ ریاست کے ولی عہد اور دوسرے سرکاری حکام نے بھی اس برف باری کے نظارے کے لیے علاقے کا دورہ کیا ہے۔ دبئی پولیس کے مطابق پیر کو اس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں ہونے والی بارش سے سینکڑوں حادثات ہوئے ہیں کیونکہ مقامی ڈرائیور اس قسم کے حالات سے آشنا نہیں ہیں۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ عرب امارات میں سردی کی یہ لہر اگلے ہفتے تک جاری رہے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||