قطر میں’ کیمل کڈ‘ پر پابندی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
قطر کی حکومت نے خلیج کے ملکوں کے مقبول ترین کھیل اونٹوں کی دوڑ میں بچوں کے استعمال پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادار ے کے مطابق کابینہ نے اونٹوں کی دوڑ میں بچوں کو کرائے پر لینے اور انہیں اس دوڑ کے لیے تربیت دینے پر پابندی لگا دی ہے۔ اونٹوں کی دوڑ میں بچوں کے استعمال پر انسانی حقوق کی تنظیمیں احتجاج کرتی رہی ہیں۔ اس دوڑ میں استعمال ہونے والے بہت سے بچوں کو پاکستان، بھارت اور جنوبی ایشیا کے دوسرے ملکوں سے اغواء کر کے یا خرید کے خلیجی ملکوں کو لایا جاتا ہے جہاں ان کو اونٹوں کی دوڑ کے دوران اونٹوں کی پشت سے باندھ دیا جاتا تھا۔ اس دوڑ کا اہتمام کرنے والے اور اونٹوں کے مالکان بچوں کا وزن کم رکھنے کے لیے انہیں مناسب خوراک بھی مہیا نہیں کرتے۔ قطر کی کابینہ نے اعلان میں مزید کہا ہے کہ اونٹوں کی دوڑ میں اب مشینی بچوں یا روبوٹ بچوں جو کہ ایک سوائس کمپنی نے خصوصی طور پر بنائے ہیں استعمال کیا جائے گا۔ قطر میں اونٹوں کی دوڑ کے منتظم اعلی شیخ حماد بن الفیصل التہانی نے کہا کہ اس پابندی کا مقصد ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کی تقافت قائم کرنا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||