ہلالِ احمر کی امریکی فوج پر تنقید | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہلال احمر نے امریکی فوج پر سخت تنقید کی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ فلوجہ میں خوراک، پانی اور ادویات کی فوری ضرورت ہے لیکن انہیں سلامتی کی صورتحال کا کہہ کر وہاں جانے سے روکا جا رہا ہے۔ تنظیم کی ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ شہر میں اب بھی سینکڑوں شہری موجود ہیں جنہیں فوری طور پر طبی سہولیات اور خوراک کی ضرورت ہے۔ اس قبل چھ دِن کی خونریز لڑائی کے بعد امریکی اور عراقی افواج کا کہنا تھا کہ انہوں نے مزاحمت کاروں سے شہر کا تقریباً مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ نے کہا تھا کہ اگرچہ ابھی تک کسی کسی جگہ پر مزاحمت کا سامنا ہے لیکن امریکی فوج نے اب تقریباً پورے فلوجہ پر قبضہ کرلیا ہے۔ شہرمیں پہلا امدادی قافلہ امدادی سامان لے کر پہنچ گیا ہے۔تاہم ایک امدادی تنظیم کی ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ امریکی فوج ابھی تک انہیں امدادی سامان تقسیم کرنے سے روک رہی ہے۔ ایک امریکی فوجی ترجمان کے مطابق امدادی سامان کی تقسیم سیکیورٹی کی وجوہات کی بنا پر روکی جارہی ہے۔ فلوجہ میں موجود ایک امریکی کمانڈر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کی لڑائی میں بارہ سو کے قریب شدت پسند ہلاک کیے گئے ہیں۔ قومی سلامتی کے وزیر قاسم داؤد کے مطابق ایک ہزار مزاحمت کار ہلاک اور دو سو کے قریب گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردنی شدت پسند مصعب الزرقاوی تاہم شہر میں نہیں ملے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ نے پانچ سو میرین فوجیوں کو فلوجہ سے نکال کر عراق کے شمالی شہر موصل بھیج دیا ہے جہاں تین دن سے جاری جھڑپوں کے بعد کرفیو نافذ کردیا گیا ہے ۔ امریکی فوج کے مطابق موصل میں اب قدرے سکون ہے اور دریائے دجلہ کے پانچ میں سے تین پل کھول دئیے گئے ہیں ۔ تاہم مزاحمت کاروں کا اب بھی شہر کے کچھ حصوں پر کنٹرول ہے اور شہریوں کے مطابق وہ اب بھی شہر میں کھلے عام پھر رہے ہیں۔ بغداد کے مغربی شہر رمادی سے بھی امریکی فوجیوں اور مزاحمت کارروں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ عربی ٹی وی چینل العریبہ نے رمادی شہر کے مرکز میں شدید لڑائی اور امریکی فوجی ہیڈکواٹر کے اندر دھماکوں کی خبر نشر کی ہے۔ عراق کی عبوری انتظامیہ نے بغداد کے اوپر کمرشل پروازوں پر پابندی میں توسیع کردی ہے جسکی وجہ سے بغداد کا ائیرپوٹ غیر معینہ مدت کے لیے بند ہے۔ ادھر عراق کی شام اور اردن کے ساتھ ملی سرحدوں پر ضروری ٹریفک کے علاوہ تمام آمد و رفت بند کردی گئی ہے ۔ دریں اثناء عراق کے تباہ حال شہر فلوجہ میں امدادی ایجنسی عراقی ریڈ کریسنٹ کے پانچ ٹرکوں کا پہلا قافلہ داخل ہوا ہے۔ قافلے میں ٹرک خوراک، کمبل، ادویات، پانی صاف کرنے والا یونٹ اور طبی امداد کی دیگر چیزیں لے کر گئے ہیں۔ ہلال احمر نے فلوجہ میں حالت ’بہت ہی ابتر‘ بتائی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||