سیکورٹی مامز یا سنگل ووٹر؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مقامی ریڈیو سٹیشن ہو، ٹی وی چینلز یا انٹرنیٹ، امریکہ کی ہر ریاست میں یہ سارے ذرائع ان دو کروڑ سے زیادہ خواتین ووٹروں کو متحرک کرنے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں جو پولنگ سٹیشن نہیں جاتیں۔ امریکہ کے الیکشن میں جتنے اہم ہسپانوی ووٹ ہیں یا جتنی اہمیت فیصلہ کن ریاستوں کو دی جارہی ہے، خواتین کا ووٹ بینک شائد اس سے بھی زیادہ اہم ہے۔ سن دو ہزار کے الیکشن میں خواتین ووٹروں نے مردوں کے مقابلے میں زیادہ ووٹ ڈالے تھے اور رجسٹرڈ خواتین ووٹروں کا ٹرن آؤٹ اکسٹھ فیصد تھا جبکہ اٹھاون فیصد مرد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود ابھی تک امریکہ میں اکیس ملین ایسی خواتین ووٹر موجود ہیں جو ووٹ نہیں ڈالتیں۔ اور انہی ووٹر کو متحرک کرنے کے لیے چھوٹی چھوٹی مقامی سطح کی تنظیموں سے لے کر لیگ آف وومن ووٹر جیسی بڑی ملک گیر تنظیموں نے اس سال کے شروع سے ہی بہت سی تحریکیں چلا رکھی ہیں۔ روایتی طور پر امریکہ کے الیکشن میں خواتین ڈیموکریٹک پارٹی کو ہی ووٹ دیتی ہیں اور پچھلے الیکشن میں بھی صدر بش کے مقابلے میں الگور نے زیادہ خواتین کے ووٹ حاصل کیے تھےاور اس مرتبہ بھی بظاہر پلہ سینیٹر جان کیری کا ہی بھاری ہے۔ تاہم ریپبلکن پارٹی کا دعوٰی ہے کہ گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد سے صورتحال بدل گئی ہے۔ ریپبلکن مبصرین کے مطابق ملک کی داخلی سیکورٹی خواتین اور خصوصاً ماؤں کے لیے ایک بہت اہم ایشو ہے اور ماضی کی ’فٹبال یا ساکر مامز‘ اب موجودہ دور کی ’سیکورٹی مامز’ بن گئی ہیں۔ ری پبلکن پارٹی کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ سن دو ہزار دو میں مڈ ٹرم الیکشن میں چھپن فیصد خواتین کے ووٹ ان کی پارٹی کو ملے تھے جو یہ ثابت کرتا ہے کہ خواتین اب انہی کی پارٹی سے وفادار ہیں۔ اعداد و شمار کی یہ گنتی اپنی جگہ پر لیکن امریکی الیکشن کی تاریخ میں یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہمیشہ غیر شادی شدہ یا سنگل خواتین کے لیے روزگار، طبی سہولیات اورتعلیم سب سے زیادہ اہم مسائل ہیں اور ڈیموکریٹس کا دعٰوی ہے کہ ان تمام شعبوں میں صدر بش کے چار سال کا ریکارڈ بہت خراب ہے لہٰذا اس الیکشن میں خواتین ووٹروں کی پسند سینیٹر جان کیری ہی ہوں گے۔ امریکہ کی سیکورٹی مامز ریپبلکن پارٹی سے وفادار رہتی ہیں یا سنگل ووٹر ڈیموکریٹ امیدوار کا انتخاب کرتی ہیں فیصلے میں اب چند دن ہی باقی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||