یو ایس ایس کول: دو کو سزائےموت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
یمن کی عدالت نے سن دو ہزار میں ایک امریکی بحری جنگی جہاز یو ایس ایس کول پر کیے گئے بم حملے کے سلسلے میں دو افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔ اس حملے میں سترہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ سزا پانے والوں میں حملہ آوروں کے سرغنہ عبدالرحیم النشیری اور جمال محمد البیداوی شامل ہیں۔ عبدالرحیم النشیری اس وقت امریکہ کی حراست میں ہیں۔ ان کے علاوہ چار دیگر ملزمان کو پانچ سے دس برس کے درمیان قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ان تمام حملہ آوروں پر اسامہ بن لادن کی القاعدہ تنظیم سے تعلق کا الزام بھی ہے۔ اکتوبر سن دو ہزار میں دو حملہ آوروں نے بارود سے بھری ایک کشتی عدن کی بندرگاہ پر کھڑے امریکی بحری جنگی جہاز سے ٹکرا دی تھی۔ اطلاعات کے مطابق جب سزا سنائے جانے کے موقع پر ملزمان نے اللہ اکبر کے نعرے بلند کیے۔ یمن سے تعلق رکھنے والے پینتیس سالہ جمال محمد البیداوی نے چیخ کر کہا کہ ’یہ فیصلہ غیرمنصفانہ ہے، یہ ایک امریکی فیصلہ ہے۔‘ بیداوی کے بھائی نے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے عبدالرحیم النشیری وہ واحد ملزم تھے جو سماعت کے وقت عدالت میں موجود نہیں تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||