امریکہ مخالف مذہبی رہنما ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
یمن کی حکومت کا کہنا ہے اس کی افواج نے امریکہ مخالف مذہبی رہنما شیخ حسین الحوثی کو ہلاک کردیا ہے۔ شیخ حسین الحوثی کی جانب سے حکام کے خلاف شروع کی جانے والی مہم کے دوران گزشتہ دو ماہ کے دوران سینکڑوں لوگ مارے گئے ہیں۔ یمن کی دفاع اور داخلہ کی وزارتوں نے جمعہ کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ شیخ حسین الحوثی اپنے کئی ساتھیوں کے ہمراہ مارے گئے۔ شیخ حسین الحوثی کے سر پر پچپن ہزار ڈالر کا انعام تھا۔ حسین الحوثی اپنے ساتھیوں کے ساتھ سعودی عرب کی سرحد سے قریب یمن کی پہاڑیوں میں واقع ایک غار میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ حسین الحوثی نے یمنی صدر علی عبداللہ صالح پر امریکہ کو خوش کرنے کے اقدامات کرنے کا الزام لگایا تھا۔ داخلہ اور دفاع کی وزارتوں کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آج الحوثی اور ان کے ساتھیوں کی ہلاکت سے ان کی جانب سے شروع کی جانیوالی بغاوت کو کچلنے کے لئے تمام فوجی اور سکیورٹی کارروائیاں ختم ہوگئیں۔‘ مبصرین کا کہنا ہے کہ عراق پر امریکی قبضے کے بعد سے علاقے میں امریکہ مخالف جذبات شدید ہیں اور متعدد یمنی مولوی مغرب کے خلاف ’نفرت‘ پھیلاتے ہیں۔ گزشتہ جون سے یمن کی فوج نے حسین الحوثی کی گرفتاری کے لئے مہم شروع کی تھی۔ شیخ حیسن الحوثی کا تعلق ملک کے شمال میں شیعہ برادری ’زیدی‘ سے ہے۔ شمالی علاقے میں سنیوں کی اکثریت ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||