عراق میں تین امریکی ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ عراق میں تشدد کے دو مختلف واقعات میں تین امریکی فوجی ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ عراق کے شہر سمارا میں سڑک کے ساتھ ایک بم دھماکے میں دو امریکی ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ اس سے قبل موصل شہر کے قریب ایک بم حملے میں ایک امریکی فوجی اور ایک عراقی شہری ہلاک ہو گیا تھا۔ عراق میں موجود امریکی حکام نے کہا ہے کہ سمارا میں دھماکہ اس وقت ہوا جب امریکی گاڑیوں کا ایک دستہ اس علاقے میں گشت کر رہا تھا۔ زخمی فوجیوں کو فوراً ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ دوسرے واقعہ میں موصل کے جنوب میں واقع شہر بیجی میں سڑک کے کنارے لگا بم پھٹنے کے بعد امریکی گشتی دستے پر چلتی کار سے فائرنگ کی گئی جس سے ایک امریکی فوجی اور ایک عراقی شہری ہلاک ہو گیا۔ فوج کی جوابی کارروائی سے حملہ آوروں کا ڈرائیور مارا گیا۔ اس سے پہلے امریکی فوج نے کہا تھا کہ مختلف واقعات میں پانچ امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پچھلے سال مارچ سے لے کر امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک ایک ہزار سے زائد اتحادی فوجی جان بحق ہو چکے ہیں۔ پچھتر فیصد کی ہلاکت دشمن کے حملوں میں ہوئی جن میں زیادہ تر تعداد امریکیوں کی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||