 |  ارزگان صوبے میں بڑی تعداد میں طالبان کی موجودگی کا اندیشہ ہے۔ |
افغانستان میں امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ارزگان کے صوبے میں ایک آپریشن میں بیس مشتبہ طالبان کو ہلاک کردیا ہے۔ امریکی فوج کے ترجمان لیفٹنینٹ کرنل ٹکر مانسیجر کا کہنا ہےکہ آپریشن میں دو امریکی فوجی، دو افغانی فوجی اور ایک افغانی مترجم زخمی ہوئے ہیں۔ افغانستان میں بیس ہزار کے لگ بھگ امریکی فوجی سابق طالبان حکومت کے ارکان کی تلاش میں مصروف ہیں اور وقتاً فوقتاً ان سے جھڑپیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔ کرنل ٹکر مانسیجر کے مطابق امریکی فوج کو ان علاقوں میں خاصی کامیابی مل رہی ہے جہاں طالبان بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ ارزگان کے صوبے میں حال میں بائیس سو امریکی فوجی تعینات کئے گئے تھے جہاں طالبان کا بڑی تعداد میں موجود ہونے کا شبہ ہے۔ |