جب ممتا موت کے خوف پر حاوی ہوگئی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان کے پسماندہ گاؤں حاجی بائی نذر کی دو خواتین نے اپنی نگاہوں کے سامنے دو چھوٹے بچوں کو کلسٹر بم سے کھیلتے جب یکدم ایک دھماکے سے اڑتے دیکھا تو انہوں نے تہیہ کر لیا کہ وہ علاقے سے تمام ایسے بمبوں کو تلاش کر کے ناکارہ بنائیں گی جو طالبان مخالف جنگ میں امریکہ نے اس علاقے پر برسائے تھے اور وہ نہیں پھٹے تھے۔ ان خواتین نے اپنے گاؤں کو ایسے مزید ہولناک واقعات سے محفوظ رکھنے کے لئے علاقے سے درجنوں کلسٹر بم تلاش کر کے انہیں ناکارہ بنایا اور اس کارنامہ کے باعث انہیں انتہائی پذیرائی حاصل ہوئی اور اب انہیں مقامی سطح پر منفرد مقام حاصل ہو گیا ہے۔ امریکی روزنامہ نیویارک ٹائمز کے مطابق بارودی سرنگیں صاف کرنے کی ماہر برطانوی تنظیم ہیلو ٹرسٹ کے ڈاکٹر ناصری نے بتایا کہ ’ہم نے ان خواتین سے کہا کہ ان کا دماغ چل گیا ہے کیونکہ یوں وہ ہلاک بھی ہو سکتی تھیں‘۔ صرف دو پونڈ وزن کے بموں سے ہونے والے دھماکوں کے باعث دو بچوں کی ہلاکت اور ایک کے شدید زخمی ہونے کا منظر دیکھنے کے بعد پچاس برس کی خیرالنساء اور چالیس برس کی نسرین نے علاقے پر ہونے والی امریکی بمباری میں نہ پھٹنے والے بموں کی تلاش کا کام شروع کیا۔ گاؤں کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے ان خواتین نے کئی روز کی محنت کے بعد علاقے سے تقریباً ستر کلسٹر بم تلاش کر کے انہیں ناکارہ بنایا۔ ہیلو ٹرسٹ نے دیہاتیوں کے اس بیان کی تائید کی ہے۔ ایک ایسے ملک میں کہ جہاں خواتین کو خاندان کے مردوں کے مقابلے میں کمتر سمجھا جاتا ہے اور انہیں گھریلو معاملات میں فیصلہ کرنے کا حق بھی حاصل نہیں، ایسے ماحول میں اس طرح کی جرات و ہمت کے باعث وہ مقامی سطح پر لیجنڈ بن کر ابھری ہیں۔ ان خواتین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کی حفاظت کے پیش نظر بم صاف کرنے کا فیصلہ کیا۔ نسرین کا کہنا تھا کہ ’مجھے خطرہ تھا کہ کہیں میرے بیٹے بھی زخمی نہ ہو جائیں‘۔ گاؤں سے پہلا کلسٹر بم بھی نسرین ہی نے تلاش کیا تھا۔
خیرالنساء نے بتایا کہ ’سڑک پر جا بجا بم بکھرے تھے۔ ہم پانچ روز تک انہی بموں کے بیچوں بیچ گزرتے رہے لیکن ہم نے انہیں چھوا نہیں۔ ہمیں معلوم تھا کہ یہ بہت خطرناک ہیں۔ لیکن جب چھوٹے بچے ان بموں کی وجہ سے ہلاک ہو گئے تو ہم نے کچھ کرنے کی ٹھانی۔ مرد ان بموں کے قریب نہیں گئے بلکہ وہ خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں میں جا گھسے۔ مجھے کوئی ڈر نہ تھا کیونکہ مجھے خدا کی ذات پر پورا بھروسہ تھا‘۔ نسرین نے تین روز میں چونتیس بم تلاش کرنے کے بعد انہیں ناکارہ بنایا۔ ہیلو ٹرسٹ کے مطابق امریکی فوجی کی طالبان مخالف کارروائیوں کے دوران برسائے گئے ان بموں میں سے ایک تہائی نہیں پھٹے تھے اور یہ بم زمین کی سطح کے اوپر یا کچھ نیچے پڑے تھے اور معمولی سی جنبش یا درجۂ حرارت میں اضافہ بم دھماکے کا سبب بن سکتا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||