| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کابل: خودکش بم حملے میں چھ ہلاک
افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک خودکش بم حملے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ خود کش بم حملہ کابل ائیرپورٹ کے قریب ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خود کش بمبار نے اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا دیا جب پولیس کے گشتی دستوں نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ کابل میں لویا جرگہ کے اجلاس کے موقع پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ دھماکے کے فوراً بعد کابل میں تعینات بین الاقوامی امن فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ یہ خود کش بم حملہ ایک ایسے موقع پر ہوا جب لویا جرگہ کے پانچ سو مندوبین افغان آئین پر دو ہفتے کے بحث و مباحثے کے بعد رائے شماری میں حصہ لینے والے ہیں۔ بعض مندوبین کا کہنا ہے کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ لویا جرگہ ایک مضبوط صدارتی نظام کے حق میں فیصلہ دینے والا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو اسے امریکہ کی حمایت رکھنے والے افغانستان کے موجود صدر کی کامیابی سمجھا جائے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||