| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایران کو پاکستانی امداد
پاکستان نے ایران میں جمعہ کے روز آنے والے زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے فوجی طیاروں پر مشتمل دو موبائل ہسپتال ایران بھیجے ہیں۔ بھارت نے بھی امدادی سامان سے بھرا ایک طیارہ ایران بھیج دیا ہے۔ دو برس میں پہلی بار کوئی بھارتی طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں پرواز کرے گا۔ ایران کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز آنے والے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر پچاس ہزار ہو سکتی ہے۔ پاکستانی خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان نے منگل کو دو فوجی ہسپتالوں سے C-130 ساخت کے دو طیارے بھیج دیے۔
اس اقدام کا حکم صدر جنرل مشرف نے ایرانی صدر محمد خاتمی سے ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد دیا۔ ان طیاروں پر پچپن ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ سوار ہے۔ اس طرح کا تیسرا طیارہ بعد میں بھیجا جائے گا۔ اس سے قبل اتوار کو دو امدادی طیارے ایران بھیجے گئے تھے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ اس کی فضائیہ کا طیارہ ایران کے لئے روانہ ہوگیا اور یہ پاکستان کے اوپر سے پرواز کرے گا۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ طیارے پر ڈاکٹر ، دس ہزار کمبل ، ایک ہزار ٹینٹ اور ادویات بھیجی گئیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||