ممبئی میں آگ بھڑکنے سے آٹھ افراد ہلاک

ممبئی میں آگ لگنے کے واقعات عام ہیں (فائل فوٹو)

،تصویر کا ذریعہpti

،تصویر کا کیپشنممبئی میں آگ لگنے کے واقعات عام ہیں (فائل فوٹو)

پولیس نے بتایا ہے کہ انڈیا کے شہر ممبئی میں ایک فارمیسی میں آگ لگنے سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے۔

پولیس کے ترجمان اشوک دودھے نے کہا کہ آگ جمعرات کی صبح اندھیری کے علاقے کے ایک میڈیکل سٹور میں بھڑک اٹھی۔

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد عمارت کی پہلی منزل میں سو رہے تھے اور آگ بھڑک اٹھنے کے بعد گھر کر رہ گئے۔

پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ آگ کیسے لگی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ایک گیس سلنڈر پھٹ گیا تھا، جب کہ دوسری اطلاعات میں یہ کہا گیا ہے کہ آگ کا باعث شارٹ سرکٹ تھا۔

گذشتہ برس ممبئی میں ایک ریستوران میں آگ لگنے سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنگذشتہ برس ممبئی میں ایک ریستوران میں آگ لگنے سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے

گذشتہ برس اکتوبر میں ممبئی کے ایک ریستوران میں ایک گیس سلنڈر پھٹنے سے آٹھ لوگ مارے گئے تھے جن میں سے زیادہ تر طلبہ تھے۔

جون میں اس وقت سات لوگ ایک اونچی عمارت میں آگ بھڑک اٹھنے سے مارے گئے تھے۔