کابل دھماکہ: عبداللہ عبداللہ نے دورہ پاکستان ملتوی کر دیا

،تصویر کا ذریعہFB

    • مصنف, خدائے نور ناصر
    • عہدہ, بی بی سی، افغان سروس

افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور وزرا کی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کابل بم دھماکے کے بعد دورہ پاکستان ملتوی کردیا ہے۔

عبداللہ عبداللہ کے نائب ترجمان جاوید فیصل نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کسی ملک کا نام لیے بغیر صرف اتنا کہا کہ کابل میں ہونے والے خودکش دھماکے کی منصوبہ بندی افغانستان کے باہر کی گئی تھی اور اسی بنا پر چیف ایگزیکٹیو اسلام اباد کا دورہ ابھی نہیں کر پائیں گے۔

دوسری جانب ٹویٹر پر عبداللہ عبداللہ نے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد اُنھوں نے اپنا دورہ پاکستان ملتوی کردیاہے۔

واضح رہے کہ عبداللہ عبداللہ نے یہ دورہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی خصوصی دعوت پر اگلے مہینے کے دو اور تین تاریخ کو کرنا تھا۔

اپنے بیان میں اگرچہ عبداللہ عبداللہ نے واضح طور پر منگل کو کابل میں ہونے والے دھماکے کا ذمہ دار پاکستان کو نہیں ٹھہرایا لیکن اس سے پہلے کابل نے بارہا افغانستان میں ہونے والی شدت پسندی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالی ہے۔

کابل میں عبداللہ عبداللہ کے نائب ترجمان جاوید فیصل نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کابل میں ہونے والا دھماکہ افغانستان سے باہر پلان ہوا تھا اور اسی وجہ سے عبداللہ عبداللہ نے مئی میں ہونے والا دورہ پاکستان ملتوی کیا ہے۔

یاد رہے کہ کابل کے مرکزی علاقے میں منگل کی صبح ایک خودکش دھماکے میں کم از کم 28 افراد ہلاک اور 325 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

اس دھماکے کی ذمہ داری تحریک طالبان نے قبول کی جنہوں نے پچھلے ہفتے ہی موسم بہار کی آمد پر افغان حکومت کے خلاف نئے آپریشن کا اعلان کیا تھا۔