’مئی میں مہاراشٹر میں آئی پی ایل میچ نہیں ہو سکتے‘

،تصویر کا ذریعہPTI
بمبئی کی ہائی کورٹ نے بی بی سی آئی کو حکم دیا ہے کہ مہاراشٹر میں پانی کی کمی کی وجہ سے مئی میں ہونے والے تمام انڈین پریمیئر لیگ کے میچوں کو کہیں اور منتقل کیا جائے۔
عدالت نےکہا کہ 30 اپریل تک مہاراشٹر میں میچ ہو سکتے ہیں لیکن اس کے بعد تمام میچوں کو کسی اور ریاست میں منتقل کیا جائے۔
عدالتی فیصلے کے نتیجے میں مہارشٹر کے تین بڑے شہروں ممبئی، پونہ اور ناگپور میں ہونے والے 13 میچ مہاراشٹر سےباہر منتقل کرنے پڑیں گے۔
عدالتی فیصلے کے بعد اب آئی پی ایل کا فائنل جو ممبئی میں کھیلا جانا تھا اب اس کا انعقاد بھی کسی اور شہر میں ہو گا۔
بمبئی ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کے تحت ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ریاست مہاراشٹر میں پانی کی شدید قلت ہے اور ٹورنامنٹ کے دوران پِچیں تیار کرنے کے لیے بہت زیادہ پانی درکار ہوتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ان تینوں شہروں میں میدانوں اور پچیں تیار کرنے کے لیے 60 لاکھ لیٹر پانی درکار ہے۔
گذشتہ مسلسل دو برس سے مون سون کے موسم میں کم بارشوں سے مہاراشٹر کے بہت سے دیہاتوں میں پانی کی شدید قلت اور خشک سالی سے فصلیں متاثرہ ہو رہی ہیں۔
مہارشٹر میں خشک سالی سے متاثرہ کاشت کاروں کی بڑی تعداد خود کشیوں پر مجبور ہو رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک وزیر کی طرف سے پارلیمان کو فراہم کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برس 3228 کسانوں نے خود کشیاں کی تھیں جو 14 برس میں سب سے زیادہ ہیں۔







