شاہی جوڑے سے ملاقات کی خواہش پوری ہو گئی

انڈیا میں ایک ریستوران کے 93 سالہ مالک کی برطانوی شاہی جوڑے سے ملنے کی خواہش سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پوری ہو گئی۔
برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ نے ریستوران کے مالک بومان کوہِ نور سے اتوار کو تاج محل پیلس ہوٹل میں ملاقات کی۔
یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب برطانوی شاہی جوڑے کو سوشل میڈیا پر چلنے والے ہیش ٹیگ کے غلط ہجوں WillKatMeetMe# کے بارے میں بتایا گیا۔
بومان کوہِ نور کا دعویٰ ہے کہ وہ انڈیا کے سب سے معمر ترین اور بادشاہت کے سب سے بڑے حامی ہیں۔
بومان کوہِ نور نے کونڈے ناسٹ ٹریولر کو بتایا: ’میں نے اتوار کی شام کو شاہی جوڑے سے تاج محل پیلس ہوٹل میں ملاقات کی۔ شاہی جوڑا میرے ساتھ بہت مہربانی کے ساتھ پیش آیا اور انھوں نے مجھ سے میرے ریستوان اور وہاں تیار ہونے والے میرے پسندیدہ کھانوں کے بارے میں پوچھا۔‘
کوہِ نور کے مطابق: ’میں نے انھیں بیری پلاؤ کے بارے میں بتایا اور انھیں اس پلاؤ کو تیار کرنے کی ترکیب بھی بتائی جو میری بیوی کی ترکیب تھی۔‘
بومان نے بتایا کہ شاہی جوڑے نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ کھانا بنا سکتے ہیں تو میں نے انھیں بتایا: ’نہیں لیکن میں اپنے گاہکوں کی اچھی طرح خدمت کر سکتا ہوں۔‘
شاہی جوڑے سے ملاقات کے حوالے سے بومان کوہِ نور کا کہنا تھا: ’میری خواہش تھی کہ میں ان سے اور زیادہ دیر تک بات کر سکتا لیکن میں یہ موقع ملنے پر بھی بہت خوش ہوں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







