کرین طیارے کا بوجھ برداشت نہ کر سکی

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت کی جنوبی ریاست حیدرآباد میں ایک پرانا جہاز کرین سےگرگیا جس سے ایک دیوار کو نقصان پہنچا ہے۔
یہ حادثہ حیدر آباد کے بیگم پت کے ایئر پورٹ پر اس وقت پیش آیا جب ایک کرین کے ذریعے قومی ہوائی کمپنی ایئر انڈیا کے ایک متروک جہاز کو قریبی تربیتی مرکز میں لے جایا جا رہا تھا۔
یہ مسافر بردار طیارہ ائیر بس اے-320 قسم کا تھا جسے کپمنی نے متروک قرار دے دیا تھا۔
کرین 25 ٹن کے طیارے کو اٹھائے ہوئے ایئر انڈیا کے تربیتی مرکز کی جانب جا رہی تھی لیکن بوجھ کی زیادتی کی وجہ کرین الٹ گئی اور طیارہ زمین پر آن گرا، تاہم حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
ائیر انڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے میں طیارے کو بہت زیادہ نقصان نہیں پہنچا ہے اور اسے اب بھی تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔



