بہار میں جمعرات سے الکوحل پر مکمل پابندی

اس پابندی کا وعدہ نتیش کمار نے گذشتہ برس اسمبلی انتخابات کے دوران کیا تھا
،تصویر کا کیپشناس پابندی کا وعدہ نتیش کمار نے گذشتہ برس اسمبلی انتخابات کے دوران کیا تھا

انڈیا کی مشرقی ریاست بہار میں حکام نے الکوحل کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

ریاست کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ یہ پابندی چھ ماہ کے عرصے میں بتدریج عائد کی جائے گی۔ لیکن اب انھوں نے جمعرات سے مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’معاشرتی تبدیلی کے لیے کوئی مخصوص وقت نہیں ہوتا۔‘

اس پابندی کا وعدہ نتیش کمار نے گذشتہ برس اسمبلی انتخابات کے دوران کیا تھا۔

انھوں نے یہ فیصلہ مقامی شراب پر پابندی کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی حمایت کے بعد کیا تھا۔

این ڈی ٹی وی نے وزیر اعلیٰ کے حوالے سے بتایا کہ ’مقامی سطح پر بنائی گئی شراب پر پابندی ایک سماجی خدمت ہے اور بہار میں سماجی تبدیلی لانے کے لیے یہی صحیح وقت ہے۔‘

انڈیا کی سب سے غریب ریاست بہار اس پابندی کی وجہ سے الکوحل پر ٹیکس کی مد میں 50 ارب روپے گنوا دے گی

،تصویر کا ذریعہafp

،تصویر کا کیپشنانڈیا کی سب سے غریب ریاست بہار اس پابندی کی وجہ سے الکوحل پر ٹیکس کی مد میں 50 ارب روپے گنوا دے گی

وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کے اس فیصلے کو ریاست کی سبھی سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔

ریاست کے 243 قانون سازوں نے الکوحل سے دور رہنے کا عہد کیا ہے، لیکن اطلاعات ہیں کہ انڈیا کی سب سے غریب ریاست بہار اس پابندی کی وجہ سے الکوحل پر ٹیکس کی مد میں 50 ارب روپے گنوا دے گی۔

اس سے قبل انڈیا کی مغربی ریاست گجرات اور جنوبی ریاست کیرالہ میں پہلے سے الکوحل پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ بعض دیگر ریاستوں میں جزوی پابندی ہے۔