امریکہ ایرانی بینکوں کو کمزور کر رہا ہے: علی خامنہ ای

،تصویر کا ذریعہ
ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکہ پر ایرانی بینکوں کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔
ایرانی نئے سال نوروز کے موقعے پر ٹی پر اپنے خطاب میں علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ مغربی ممالک کے ساتھ ایران کے جوہری معاہدے سے بدعہدی کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ جوہری معاہدے کے بعد ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے پر امریکہ نے ایرانی کمپنیوں اور انفرادی شخصیات پر پابندیاں لگائی ہیں۔
ایران نے مارچ کے مہینے میں اس قسم کے مزید تجربات کیے۔
ایران کا کہنا ہے کہ اس کا میزائل پروگرام صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے پاس دو ہزار کلو میٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ہیں جس کا مطلب ہے کہ وہ اسرائیل اور مشرق وسطی میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای ایرانی سال کے پہلے دن مشہد میں خطاب کر رہے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
انھوں نے کہا کہ امریکہ ایران پر دباؤ ڈالنے کے لیے اپنے سپر پاور ہونے کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نےکہا کہ ’تمام مغربی ممالک اور دنیا کے دیگر ممالک میں ہمارے بینکوں کی جانب سے کیے جانے والے لین دین میں مسائل آ رہے ہیں۔‘
آیت اللہ خامنہ ای نے امریکہ کو ان مسائل کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
انھوں نے امریکہ میں صدارتی امیدوار بننے کی دورڑ میں شامل امیدواروں کے بارے میں کہا کہ وہ اپنی تقاریر میں ’ایران کو بدنام کرنے کے لیے ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر بول رہے ہیں‘ اور ان کے مطابق یہ ’دشمنی‘ کی علامت ہے۔







