ایرانی صدر کی اصلاح پسند امیدواروں پر ’پابندی‘ پر تنقید

،تصویر کا ذریعہTASNIM
ایران کے صدر حسن روحانی نے آئندہ ماہ منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں امیدواروں کی جانچ پڑتال کرنے والی کمیٹی سے کہا ہے کہ وہ اصلاح پسند امیدواروں کی زیادہ تعداد کو حصہ لینے کی اجازت دے۔
ٹی وی پر تقریر میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پارلیمان ’لوگوں کا ایوان‘ ہے اور کسی مخصوص گروہ کے لیے نہیں ہے۔
انھوں نے اس کے ساتھ ساتھ خبردار بھی کیا ہے کہ اگر حریف یا مدِمقابل ہی نہ ہوئے تو انتخابات بےمقصد ہوں گے۔
صدر حسن روحانی نے اپنی تقریر میں زور دیا کہ انتخابات کے دوران صحت مندانہ مقابلہ ہونا چاہیے۔
’ہمیں لازمی امید، جوش و جذبہ اور مقابلے کی فضا قائم کرنی چاہیے، اگر صرف ایک ہی سیاسی فریق ہو گا اور دیگر نہیں ہوں گے تو انھیں 26 فروری کے انتخاب کی ضرورت نہیں، وہ پارلیمان میں چلے جائیں لیکن کوئی بھی اہلکار عوام کے ووٹ کے بغیر قانونی نہیں ہو گا۔‘
صدر روحانی کے مطابق انھوں نے گارڈین کونسل یعنی شورائے نگہبان کی جانب سے امیداروں کی نااہلیوں کے معاملے پر بات چیت کے لیے نائب صدر احسن جہانگیری کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔

،تصویر کا ذریعہISNA
جمعرات کو ایرانی صدر کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب ایک دن پہلے ہی نو گروپوں نے کہا ہے کہ امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے والی شورائے نگہبان نے درخواست دہندگان میں سے صرف ایک فیصد اصلاح پسند امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی ہے۔
اس کمیٹی کی جانب سے زیادہ تر کو اس وجہ سے نااہل قرار دیا گیا کہ وہ قابل ذکر حد تک موجودہ حکومتی نظام سے وفادار نہیں ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کمیٹی میں قدامت پسند اکثریتی پارلیمان کی جانب سے منتخب کردہ چھ جج اور رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے نامزد کردہ چھ مذہبی رہنما شامل ہیں۔
تقریباً 12 ہزار افراد نے 26 فروری کو منعقد ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے درخواست دی تھی۔ ان انتخابات میں پارلیمان کے 290 ارکان اور ماہرین کی اسمبلی کے 88 ارکان کا انتخاب کیا جائے گا۔
شورائے نگہبان کی جانب سے مسترد کیے جانے والے 7300 امیدواروں میں کچھ قدامت پسند بھی شامل ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
تاہم اصلاح پسند گروپوں کا کہنا ہے کہ انھیں ہدف بنایا گیا ہے اور ان کے تین ہزار امیداروں میں سے صرف 30 کو انتخاب میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب شورائے نگہبان کے سربراہ آیت اللہ احمد جنتی ہے کہنا ہے کہ ان کے ارکان کسی دباؤ سے متاثر نہیں ہوں گے تاہم ان کے نائب نے کہا ہے کہ نااہلی کے فیصلوں پر دوبارہ جائزے میں نااہل قرار دیے گئے 15 فیصد امیدوار اہل ہو جائیں گے۔
کمیٹی امیدواروں کی حتمی فہرست چار فروری کو جاری کرے گی۔
نمایاں اصلاح پسند سیاست دان حسین مرعشی کا کہنا ہے کہ ’ایرانی تاریخ میں سب سے زیادہ امیداروں کو نااہل قرار دیا گیا ہے لیکن اصلاح پسندوں کا انتخابات کے بائیکاٹ کا کوئی منصوبہ نہیں، ہم لڑیں گے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ شدت پسند ابھریں۔‘







