’پاک بھارت سرحد پر لیزر باڑ نصب کرنے کا فیصلہ‘

بھارتی حکومت کے مطابق لیزر باڑ سے کوئی چیز بھی ٹکرائے گی تو بلند آواز میں سائرن بجنے شروع ہو جائیں گے

،تصویر کا ذریعہROBIN SINGH

،تصویر کا کیپشنبھارتی حکومت کے مطابق لیزر باڑ سے کوئی چیز بھی ٹکرائے گی تو بلند آواز میں سائرن بجنے شروع ہو جائیں گے

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان سے ملحق سرحد پر 40 جگہوں پر لیزر باڑ نصب کی جائے گی۔

بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مبینہ دراندازی روکنے کے لیے سرحد پر نشیبی علاقوں پر لیزر باڑ نصب کی جائے گی۔

بھارت کی جانب سے یہ قدم ایسے وقت اٹھایا جا رہا ہے جب جنوری کے آغاز میں پنجاب میں واقع فضائیہ کے اڈے پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا۔ بھارت نے ان شدت پسندوں کا تعلق پاکستان کے شدت پسند گروہوں سے بتایا تھا۔

بھارتی حکومت کے مطابق لیزر باڑ سے کوئی چیز بھی ٹکرائے گی تو بلند آواز میں سائرن بجنے شروع ہو جائیں گے۔

بھارت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بارڈر سکیورٹی فورس اس باڑ کو تیار کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ چھ سشت پسندوں نے پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈے پر حملہ کیا اور سکیورٹی فورسز اور فوج کو اڈے کو کلیئر کرنے میں چار دن لگے۔

اس حملے میں چھ حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیا جبکہ سات فوجی بشمول ایک کرنل کے ہلاک ہوئے۔