’پاکستان نے کچھ قدم اٹھائے ہیں، ہمیں انتظار کرنا چاہیے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہےکہ پاکستان نے پٹھان کوٹ پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور ’فی الحال اس کے وعدے پر اعتبار نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔‘
وزیرِ داخلہ نے دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئِے کہا کہ دونوں ملکوں کے خارجہ سیکریٹریوں کے درمیان مجوزہ مذاکرات ہوں گے یا نہیں ’اس بارے میں (فیصلے کا) ابھی آپ انتظار کیجیے، مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا: ’پاکستان نے موثر کارروائی کرنے کا وعدہ کیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس کا انتظار کرنا چاہیے، کیونکہ پاکستان نے کارروائی کا یقین دلایا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس کا یقین نہ کرنے کی فی الحال کوئی وجہ نہیں ہے۔‘
راج ناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے ’کچھ قدم اٹھائے ہیں، ہم سبھی کو انتظار کرنا چاہیے۔‘
پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکریٹریوں کے درمیان 15 جنوری کو مذاکرات ہونے ہیں لیکن بھارتی حکومت یہ اعلان کر چکی ہے کہ پٹھان کوٹ پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف ٹھوس کارروائی ہونے کی صورت میں ہی یہ بات چیت ہو گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بھارتی وزیر داخلہ کے بیان سے اشارہ ملتا ہے کہ بات چیت منسوخ یا ملتوی کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور حکومت بظاہر جلد بازی میں بات چیت کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہتی۔







