بھارتی ریاست منی پور میں زلزلہ، پانچ افراد ہلاک

یہ تصویر امپھال سے دیپک شوجاگرومیم نے پوسٹ کی ہے

،تصویر کا ذریعہDeepak Shijagurumayum

،تصویر کا کیپشنیہ تصویر امپھال سے دیپک شوجاگرومیم نے پوسٹ کی ہے

میانمار اور بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب شمالی بھارت کی ریاست منی پور میں زلزلے کے باعث بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کم از کم پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

بھارتی خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے سے پانچ افراد کے مرنے اور 33 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات دی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ آٹھ تھی جسے بعد میں درست کرکے چھ اعشاریہ سات کر دیا گیا ہے۔

زلزلے کا مرکز منی پور کے علاقے امپھال سے 29 کلومیٹر دور تھا۔ مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح چار بج کر 35 منٹ پر آیا تھا۔

منی پور کے دارالحکومت امپھال کے پولیس سپرنٹینڈنٹ نے آٹھ افراد کے زخمی ہونے کی بات کہی ہے جنھیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

بی بی سی ہندی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ میں بتایا ہے کہ انھوں نے آسام کے وزیر اعلیٰ ترون گوگوئی سے فون پر بات کی اور زلزلے کے متعلق پوری صورت حال کا جائزہ لیا ہے۔

وزیراعظم مودی نے یہ بھی لکھا کہ وہ آسام کے دورے پر روانہ ہونے والے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے رابطے میں ہیں اور زلزلے سے متعلق حالات کی ہر پل کی خبر لے رہے ہیں۔

زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے

،تصویر کا ذریعہDeepak Shijagurumayum

،تصویر کا کیپشنزخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے

بھارت کی مرکزی وزیر نرملا سیتا رمن نے ٹویٹ کیا: ’سلی گڑی کے سرکاری گیسٹ ہاؤس میں میں نے اپنا کمرہ ہلتا ہوا محسوس کیا۔ امید ہے سب سلامت ہوں گے۔‘

کولکتہ سے زید الحق نے بی بی سی کو بتایا: ’ہمار پلنگ پوری طرح ہل گیا۔ ڈر سے میری بیٹی چلانے لگی۔ پورا کنبہ جاگ گیا۔ اتنے زور کا جھٹکا میں نے کبھی محسوس نہیں کیا تھا۔ جھٹکا بہت دیر تک رہا اور ہم یہی سوچ رہے تھے کہ کیا کیا جائے۔‘

بی بی سی کے نامہ نگار سلمان سعید کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

امریکی جیولوجیکل سروےنے زلزلے کے بعد نقصانات کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ خطہ زلزلوں کی زد میں آتا رہتا ہے۔

سنہ 2005 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 75000 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ گذشتہ برس نیپال میں آنے والے زلزلے میں 9000 افراد ہلاک اور 9 لاکھ مکانات تباہ ہو گئے تھے۔