راہبہ مدر ٹریسا کا دوسرا معجزہ بھی تسلیم

،تصویر کا ذریعہAFP
کيتھولک مسيحي پيشوا پوپ فرانسس نے رومن کیتھولک راہبہ مدر ٹریسا کے دوسرے معجزے کو بھی تسلیم کر لیا ہے جس کے بعد اگلے سال ان کو سینٹ کا درجہ دینے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
اطالوی کیتھولک بشپ کانفرنس کے اخبار اوے نِیرے کے مطابق مدر ٹریسا سے منسوب ایک معجزے میں ایک برازیلی شخص دماغ میں کئی رسولیاں ہونے کے باوجود ناقابل توجیہہ طور پر صحت یاب ہوگئے تھے۔
<link type="page"><caption> ’مدر ٹریسا کے باقیات البانیہ کو نہیں دے سکتے‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/india/2009/10/091012_mother_teresa_ka" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> مدر ٹریسا: ولایت کی جانب پہلا قدم</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/regional/story/2003/10/031019_mother_update_jr.shtml" platform="highweb"/></link>
سنہ 2003 میں مدر ٹریسا کو روحانیت کا درجہ دیا گیا تھا جو سینٹ بننے کی جانب پہلا قدم ہے۔
غریبوں کی مدد کے لیے ان کے کام کو سراہتے ہوئے انھیں امن کا نوبل انعام بھی دیا گیا تھا۔ وہ 1997 میں فوت ہوئی تھیں۔
بھارت کے شہر کولکتہ کی کچی آبادیوں میں مدر ٹریسا کی خدمات پہ انھیں بہت سراہا جاتا ہے۔
اوے نِیرے میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امید کی جا رہی ہے کہ اگلے سال ستمبر کے مہینے میں روم میں انھیں سینٹ کا درجہ دے دیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روحانیت کے درجے پر فائز ہونے کے لیے کیتھولک چرچ کی جانب سے کم از کم ایک معـجزہ تسلیم کیا جانا ضروری ہے جبکہ سینٹ کے طور پر تسلیم کیے جانے کا عمل شروع ہونے کے لیے کم از کم دو معجزوں کوتسلیم کیا جانا ضروری ہے۔
سنہ 2003 میں پوپ جان پال دوم نے ان سے منسوب ایک معجزے کو مستند تسلیم کیا تھا جس کے بعد انھیں روحانیت کا درجہ دیا گیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAP
پوپ نے فیصلہ دیا تھا کہ پیٹ کی رسولی میں مبتلا ایک ہندوستانی عورت کی شفا خدا کے ساتھ مدر ٹریسا کی ملکوتی مداخلت کا نتیجہ تھی۔
دوسری جانب بھارت کے استدلال پسند حلقوں کی جانب سے اس دعوے پر اعتراض کیا گیا تھا۔
مدر ٹریسا کا اصل نام ایگنس گون کابوہیک یو تھا اور وہ 1910 میں میسیڈونیا کے شہر سکوپئے میں پیدا ہوئی تھیں۔ کولکتہ میں غریب اور بیمار لوگوں کی دیکھ بھال کے لیے اپنی زندگی وقف کرتے ہوئے 1949 میں مدر ٹریسا نے مشنریز آف چیریٹی کاآغاز کیا تھا۔
’سینٹ آف دی گٹر‘ کے نام سے پہچانی جانے والی مدر ٹریسا نے اپنے کام سے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا لی تھی۔
دوسری جانب ان کے ناقدین ان پر آمروں کے ساتھ روابط ہونے اور سخت گیر کیتھولک ہونے کا الزام لگاتے ہیں۔







