’مدر ٹریسا کے باقیات البانیہ کو نہیں دے سکتے‘

ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے کولکاتہ شہر میں مدر ٹریسا کے مشنری ادارے’دا مشنری آف چیرٹی‘ کا کہنا ہے کہ مدر ٹریسا کے باقاعیت البانیہ کی حکومت کو دینا مشکل ہوگا۔
البانیہ کی حکومت نے نوبل اعزاز یافتہ مدر ٹریسا کے باقیات واپس لینے کی بات کہی ہے۔ خبر رساں ادارے اسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعہ کو البانیہ کے وزیر اعظم سالی بریشا کی حکومت نے کہا تھا کہ وہ ہندوستانی حکومت سے مدر ٹریسا کے باقاعیت البینا کو دینے کی بات کررہے ہیں اور اس برس اس سمت میں بات چیت کاسلسلہ مزید تیز کریں گے۔
کولکاتہ میں بی بی سی کے نامہ سبیر بھومک کے مطابق مشنری آف چیرٹی کی سسٹر کرسٹی نے کہا ہے کہ ’البانیہ حکومت نے اس بارے میں کوئی بات نہیں کی ہے لیکن اگر ایسا ہے تو ہم نہیں چاہیں گے کہ مدر ٹریسا کے باقیات البانیہ جائیں کیونکہ مدر ٹریسا کولکاتہ میں رہی ہیں وہ یہیں کی ہیں۔ ہم سب لوگ مختلف ممالک اور شہروں سے آتے ہیں لیکن ہم جہاں کام کرتے ہیں وہیں کے ہوجاتے ہیں اور ہم چاہیں گے کہ ہم اپنے لوگوں کے درمیان رہیں‘۔
ادھر ہندوستان میں کیتھولک بشپ کانفرنس آف انڈیا کے ترجمان بابو جوزف کا کہنا ہے کہ مدر ٹریسا کے باقیات البانیہ کو دینا مشکل ہوگا لیکن اگر وہاں کی حکومت اور ہندوستانی حکومت کے درمیان اسطرح کی کوئی بات ہوتی ہے تو اس پر جو فیصلہ صحیح ہوگا وہی کیا جائے گا۔
حالانکہ ان کا کہنا تھا کہ مدر ٹریسا ہندوستان کے لوگوں کے بےحد قریب ہیں اور ان کے باقیات جو کہ کولکاتہ میں ان کے مشنری ادارے مشنری آف چیرٹی میں محفوظ ہیں البانیہ کو دینا مشکل ہوگا۔
بیشتر ماہرین کا کہنا ہے کہ مدر ٹریسا ایک ہندوستانی شہری تھیں اور ہندوستانی حکومت البانیہ کو ان کے باقیات دینے کی بات پر اتفاق نہیں کرے گی۔
مدر ٹریسا کی پیدائش البانیہ میں ہوئی تھی لیکن جب وہ بیس برس کی تھیں تب وہ ہندوستان آ گئی تھیں اور اس کے بعد انہوں نے ہندوستان میں رہ کر غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لیے پوری عمر کام کیا۔ 1979 میں مدر ٹریسا کو امن کے لیے نوبل اعزاز سے نوازہ گیا۔
1997 میں ان کی موت کے بعد 2003 میں رومن کیتھولک عیسائیوں کے مقدس شہر ویٹیکن میں پاپائے روم پوپ جان پال (دوئم) نے، پاپائیت کی پچیسویں سالگرہ کے موقع پر بھارتی شہر کلکتہ میں خود کو خدمت خلق کے لیے وقف کر دینے والی مدر ٹریسا کو ’ بابرکت‘ شخصیت قرار دیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







