’سرتاج عزیز کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات مناسب نہیں‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز کو دورۂ بھارت کے دوران کشمیری رہنماؤں سے ملاقات نہیں کرنی چاہیے۔
بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے جمعے کی صبح ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو بتایا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیروں کی بات چیت سے قبل استقبالیہ میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے رہنماؤں کو مدعو کرنا مناسب نہیں ہے۔
ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انھوں یہ بھی کہا کہ پاکستان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز حریت رہنماؤں سے نہ ملیں۔
ان کا مزید کہنا تھا پاکستانی قومی مشیر اور حریت رہنماؤں کے درمیان ملاقات ’اوفا میں دہشت گردوں کے خلاف مل کر کام کرنے کے حوالے سے ہونے والے اتفاق رائے کی روح اور نیت سے مطابقت نہیں رکھتی۔‘
وکاس سوروپ نے مزید کہا ہے کہ بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان مذاکرات کے ایجنڈے کی توثیق چاہتا ہے جو پاکستان کو 18 اگست کو بھجوایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی قومی سلامتی کے مشیروں کی بات چیت سے قبل ایک استقبالیہ میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے رہنماؤں کو مدعو کیا تھا۔
پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے دعوت نامے پر مشاورت کے بعد حریت کانفرنس کے سینیئر رہنما سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے استقبالیے میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ اس سے ایک سال قبل جب پاکستان نے وزرائے خارجہ سطح کی بات چیت سے قبل کشمیر کے علیحدگی پسند رہنماؤں سے بات چیت کی بات کہی تھی تو بھارت نے امن مذاکرات کو منسوخ کر دیا تھا اور اس وقت بھارت نے پاکستان پر اندرونی معاملے میں دخل اندازی کا الزام لگایا تھا۔
ادھر بھارتی ترجمان کے بیان کے بعد پاکستانی دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی قیادت ہمیشہ سے بھارت کے دورے کے دوران کشمیری اور حریت قیادت سے رابطے میں رہی ہے اور کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان اس روایت سے انحراف کرے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت کا بات چیت کے ایجنڈے کو محدود کرنے پر اصرار اور شرائط لگانا اس بات کا مظہر ہے کہ وہ پاکستان سے بامعنی روابط کے سلسلے میں سنجیدہ نہیں ہے۔







