القاعدہ کا ملا اختر منصور سے وفاداری کا اعلان

،تصویر کا ذریعہAFP
شدت پسند تنظیم القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے ایک آڈیو پیغام میں افغان تحریک طالبان کے نئے سربراہ سے وفاداری کا اعلان کیا ہے۔
افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کی حمایت کا آڈیو پیغام القاعدہ کے میڈیا سیل السحاب کی جانب سے شدت پسندوں کی ویب سائٹوں پر جاری کیا گیا ہے۔
القاعدہ کے سربراہ کی جانب سے گذشتہ سال ستمبر کے بعد منظرعام پر آنے والا یہ پہلا پیغام ہے۔
<link type="page"><caption> ’ملا اختر منصور باضابطہ امیر مقرر‘ شوریٰ میں اختلاف برقرار</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/regional/2015/07/150730_mullah_omar_death_confirmation_zs" platform="highweb"/></link>
گذشتہ ماہ افغان طالبان تحریک کے سربراہ ملا عمر کے انتقال کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ وہ بھی انتقال کر چکے ہیں۔
آڈیو پیغام میں ملا عمر کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے ایمن الظواہری نے کہا ہے کہ ’القاعدہ کے امیر کے طور پر شیخ (اسامہ بن لادن) کی پیروی کرتے ہوئے آپ کی وفاداری کا عہد کرتے ہیں جس طرح انھوں نے اور ان کے ساتھوں نے ملا عمر سے وفاداری کی تھی۔‘
القاعدہ اور ایمن الظواہری ملا عمر کو جہادیوں کی عالمی تحریک کا سربراہ تصور کرتے تھے تاہم القاعدہ کی مخالف خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی تنظیم نے ان کے مقابلے میں اپنی خلافت کا اعلان کر دیا تھا اور اس تنظیم کے سربراہ ابوبکر البغدادی ہیں۔
گذشتہ ماہ افغان طالبان نے اپنے سربراہ ملا محمد عمر کی موت کی تصدیق کے بعد اب باضابطہ طور پر ملا اختر منصور کو تحریک کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہReuters
تاہم طالبان کے سینیئر رہنماؤں نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ملا اختر منصور کو طالبان شوریٰ کی مشاورت کے بغیر تحریک کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
امیر کے انتخاب پر طالبان میں اختلافات کی خبروں کی دوران ملا اختر منصور نے ایک آڈیو پیغام میں متحد رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔
انھوں نے امن مذاکرات کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے اسے دشمن کی پروپیگنڈا مہم قرار دیا تھا، تاہم اس کے بعد بھی طالبان میں ان کے انتخاب پر تحفظات کے اظہار کی خبریں سامنے آنے کے بعد ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں تحریک طالبان کے سینکڑوں اراکین کو نئے سربراہ ملا اختر منصور سے وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ملا اختر منصور کے امیر منتخب ہونے کے بعد افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔







