قطر میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے رہنما مستعفی

،تصویر کا ذریعہAFP
قطر میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے اپنے امیر اور قائد ملا محمد عمر کی موت کے اعلان کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سیاسی دفتر کے سربراہ سید محمد طیب آغا نے کہا کہ تنظیم اپنے تمام امور بشمول نئے سربراہ کا انتخاب افغانستان کے اندر ہی طے کرے۔
نامہ نگاروں کے مطابق ان کا استعفیٰ بظاہر ملا عمر کی موت کے بعد تنظیم میں تقسیم کے پیش نظر آیا ہے۔
خیال رہے کہ ملا عمر کی موت کے بعد گذشتہ ہفتے افغان طالبان کی شوریٰ نے پاکستان میں ملا اختر منصور کو اپنا نیا امیر مقرر کیا تھا لیکن طیب آغا نے اپنے بیان میں ان کا براہِ راست کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہFILE PHOTO
تاہم انھوں نے دو سال تک ملا عمر کی موت کی خبر کے چھپائے رکھنے کو ’تاریخی غلطی‘ قرار دیا اور اعتراف کیا کہ پاکستان کے ذریعے بات چیت جاری رکھنے کے معاہدے نے ان کی موت کی خبر کے افشا ہونے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انھوں نے ملک کے باہر کسی رہنما کے امیر بنائے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے لکھا: ’ملک سے باہر رہنے والے افراد کے ذریعے ملک کے باہر کسی رہنما کا منتخب کیا جانا بھی تاریخی غلطی ہے کیونکہ ملک کے باہر کسی بھی رہنما کی تعیناتی کا خراب نتیجہ نکلا ہے۔‘
انھوں نے سویت یونین کے حملے کے بعد ماسکو میں رہنما کی نامزدگی یا پھر جرمنی کے شہر بون میں امریکی حملے کے بعد رہنماؤں کے انتخابات کو مثال کے طور پر پیش کیا۔
میڈیا کو جاری بیان کے مطابق انھوں نے کہا کہ سنہ 2013 سے انھیں ملا عمر کا کوئی آڈیو پیغام نہیں ملا اور ہرایک کو یہ کہا جاتا تھا کہ کسی ہدایت کی ضرورت نہیں ہے سب اپنا کام کریں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

تاہم انھوں نے لکھا: ’لیکن میں ان کا آڈیو پیغام چاہتا تھا تاکہ لوگوں کے خدشات کو دور کر سکوں۔‘
انھوں نے لکھا: ’مستقبل کے ممکنہ تنازعے سے، اللہ کے سامنے قابل گرفت ہونے سے، اپنے ضمیر کو دبانے اور امیر المومنین ملا محمد عمر کے تصور اور پالیسوں سے انحراف کرنے سے خود کو بچانے کے لیے اور اپنے ہاتھوں خود اپنے کاموں کو برباد نہ کرنے کے خیال سے کئی دنوں تک خوب غور و خوض کرنے کے بعد نیک نیتی کے ساتھ میں نے سیاسی دفتر کے ڈائریکٹر اور سیاسی امور کے سربراہ کی حیثیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔‘
انھوں نے لکھا کہ ’اب میں کسی قسم کے پیغام، بیان، فیصلے اور اسلامی امارت میں عمل دخل سے علیحدہ ہوں۔ میں اس متنازع صورت حال میں کسی بھی فریق کا حامی نہیں ہوں۔‘
انھوں نے متبنہ کیا کہ ’طالبان کو ہر طرف سے پھانسنے کی کوشش ہو رہی ہے اللہ ان کی حفاظت فرمائے۔‘
انھوں نے بیان میں کہا کہ ’فوجی اہلکاروں اور کمانڈروں کو چاہیے کہ وہ اپنی آزادی اور اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے ملا عمر کی پالیسی اور ہدایات پر عمل کریں۔‘







