افغانستان میں دو دھماکوں میں 12 شہری ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
افغانستان میں سکیورٹی اہلکاروں نے کہا ہے کہ ملک کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں دو مختلف بم دھماکوں میں کم از کم بارہ عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
مشرقی صوبے کاپسیا کے پولیس کے سربراہ جنرل عبدالکریم فائق نے کہا کہ سڑک کے کنارے لگی ایک بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک گاڑی میں بیٹھے دس عام شہری ہلاک اور کم از کم سات زخمی ہو گئے۔
شمالی صوبے قندوز میں بھی سڑک کنارے لگی ایک بارودی سرنگ پھٹنے سے دو عام شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
جس وقت بارودی سرنگ پھٹی اس وقت پولیس کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔
ابھی تک کسی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
جنرل فائق نے کہا کہ کاپسیا صوبے میں ہونے والا حملہ ضلع تاگاب میں ہوا جہاں شدت پسند عموماً افغان سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے رہتے ہیں۔
شمالی صوبے قندوز کی پولیس کے سربراہ کے ترجمان سید سرور حسینی نے بتایا کہ جب پولیس کی ایک گاڑی سڑک کنارے نصب کی گئی ایک بارودی سرنگ سے ٹکرائی تو دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے دو عام شہری ہلاک ہو گئے۔
انھوں نے بتایا کہ بم دھماکے میں چار عام شہری اور دو پولیس والے زخمی بھی ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کسی بھی گروہ نے فوری طور پر کاپسیا اور قندوز کے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
خیال رہے کہ افغان طالبان اکثر ملک کے کئی حصوں میں افغان فوج یا پولیس فورسز پر حملے کرنے کے لیے یا تو سڑک کنارے بارودی سرنگیں کا استعمال کرتے ہیں یا پھر خودکش دھماکے کرتے ہیں۔







