افغان پارلیمنٹ پر حملہ، ’چھ حملہ آور ہلاک‘

افغانستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق دارالحکومت کابل میں افغان پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے چھ طالبان حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پارلیمنٹ کی عمارت میں گھسنے سے قبل حملہ آوروں نے پارلیمان کے باہر ایک گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔
پولیس نے حملہ آوروں سے لڑنے کے دوران پارلیمان کے احاطے کو خالی کروا لیا۔

،تصویر کا ذریعہAP
اس حملے میں کم از کم 18 افراد کے زخمی ہوئے جبکہ ایک خاتون رکن پارلیمان زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ انھوں نے نئے وزیر دفاع کی تقریبِ حلف برداری کے موقعے پر کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصاویر میں پارلیمنٹ سے دھواں اٹھتے اور لوگوں کو ادھر ادھر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حملے کے وقت پارلیمنٹ کی عمارت میں ارکان پارلیمان موجود تھے۔

،تصویر کا ذریعہNaquibullah Faiq
عینی شاہدین کے مطابق عمارت سے ارکان پارلیمان اور دیگر افراد کو باہر نکلتے دیکھا گیا جبکہ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل کے علاقے داہمزنگ میں ایک اور دھماکے کی اطلاع بھی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کابل میں بی بی سی نامہ نگار وحید مسعود کے مطابق افغان وزیر دفاع کے امیدوار معصوم ستانکزئی نے پیر کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پارلیمنٹ جانا تھا۔







