دارجیلنگ زمین کے تودے گرنے سے 30 افراد ہلاک

متاثرہ علاقے دوسرے علاقوں سے کٹ کر رہ گئے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمتاثرہ علاقے دوسرے علاقوں سے کٹ کر رہ گئے ہیں

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے علاقے دارجیلنگ میں منگل کی رات شدید بارش کے بعد زمین کے تودے گرنے سے کم سے کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ میرک کالمپونگ میں مٹی کے تودے گرنے کے بعد امدادی کارکن ملبے میں لوگوں کو تلاش کر رہے ہیں۔

مزید لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے دارجیلنگ اور سکم میں سڑکیں اور مواصلاتی نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ انوراگ سریواستو نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دو روز سے مسلسل بارشوں کے سبب یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں سیاح اس خوبصورت وادی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

كالمپوگ کے مختلف علاقوں میں 15 لوگوں کے غائب ہونے کی اطلاع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل بارش کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔