نیپال کو ایک ارب ڈالر کی بھارتی امداد

- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
بھارت نے نیپال میں زلزلے کی تباہ کاری کے بعد تعمیر نو کے لیے ایک ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے جبکہ چین پانچ سو ملین ڈالر فراہم کرے گا۔
بھارت اور چین نے یہ اعلان جمعرات کو نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں ہونے والی بین الاقوامی امدادی کانفرنس میں کیا۔
وزیر خارجہ سشما سوارج نے کہا کہ اس تازہ رقم کے ساتھ اب بھارت نیپال کو آئندہ پانچ برسوں میں دو ارب ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔ لیکن امداد کا ایک حصہ قرض کی شکل میں بھی ہوگا۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس امدادی کانفرنس کی میزبانی کرنے پیش کش کی تھی جسے نیپال نے منظور نہیں کیا تھا۔
نیپال میں 25 اپریل کے زلزلے سے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی تھی اور تقریباً نو ہزار لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔
حکومت کا اندازہ ہے کہ تمعیر نو کے لیے اسے تقریباً سات ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔ سشما سواراج نیپال کے دو روزہ دورے پر ہیں جہاں وزیر اعظم سشیل کوئرالہ سے اپنی ملاقات میں انھوں نے کہا کہ تعمیر نو کے کام میں بھارت نیپال کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
زلزلے کے بعد بھی بھارت نے بڑے پیمانے پر بچاؤ کے کام میں حصہ لیا تھا لیکن اس وقت سوشل میڈیا پر بھارت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ بہت سے لوگوں کا الزام تھا کہ اس کی امدادی سرگرمیوں میں دکھاوےکا پہلو بھی شامل تھا۔
اس وقت تجزیہ نگاروں کا خیال تھا کہ چین اور بھارت اگرچہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بچاؤ کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں لیکن ساتھ ہی دونوں اپنا سیاسی اثر رسوخ بڑھانے کی کوشش میں یہ ثابت کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ نیپال کے زیادہ قریب یا زیادہ بڑے ہمدرد ہیں۔ اسی سلسلے میں بھارتی اخباروں میں اداریے بھی لکھے گئے تھے جن کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ مشکل کی اس گھڑی انتہائی احتیاط سے کام لینا چاہیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیپال کے وزیر اعظم نے کہا کہ جو بھی امداد ملے گی، اس کا سوچ سمجھ کر استعمال کیا جائے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے چھ سو ملین ڈالر فراہم کرنےکا وعدہ کیا ہے۔
تخمینوں کے مطابق زلزلے میں تقریباً پانچ لاکھ گھر تباہ ہوئے تھے جنہیں بین الاقوامی امداد کے بغیر دوبارہ تعمیر کرنا نیپال کے لیے ممکن نہیں ہے۔ مسٹر کوئرالہ نے امدادی ممالک سے کہا کہ امداد کی رقم براہ راست متاثر افراد تک پہچنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
جاپان نے 260 ملین ڈالر، امریکہ نے 130 اور یورپی یونین نے 100 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ عالمی بینک پہلے ہی 500 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کرچکا ہے۔ اب مجموعی طور پر نیپال سے تین ارب ڈالر کی امداد کے وعدے کیے جاچکے ہیں۔







