’للت مودی کی مدد وزیراعظم کی رضا مندی سے کی گئی‘

ھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج پر الزامات لگائے گئے ہیں کہ انھوں نے آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی کو سفری دستاویزات دلانے میں مدد کی تھی

،تصویر کا ذریعہAFP Getty

،تصویر کا کیپشنھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج پر الزامات لگائے گئے ہیں کہ انھوں نے آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی کو سفری دستاویزات دلانے میں مدد کی تھی

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج پر لگنے والے الزامات کے حوالے سے کانگرس نے اب وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی حملہ کر دیا ہے۔

کانگرس کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ للت مودی کی مدد وزیراعظم نریندر مودی کی رضامندی سے کی گئی ہے۔

کانگرس کے ترجمان رندیپ سورخشاوالا نے دلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ’للت مودی کا سشما سوراج سے تعلق، خاندانی تعلقات ،کلائنٹ کونسل، ای میلز کے تبادلے، داخلے اور دوسری چیزوں میں مدد دلانے میں شراکت کے علاوہ ایسا بھی لگتا ہے کہ للت مودی کے نریندر مودی اور امت شاہ سے بھی تعلق تعلقات ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’وزیر اعظم وزارت خارجہ کو چلانے کے لئے مشہور ہیں، کیا ایسے میں کوئی سمجھدار آدمی یہ مان سکتا ہے کہ قانون کے ایسے بھگوڑے کی مدد میں وزیر اعظم کی رضامندی نہیں تھی۔‘

سورخشاوالانے یہ بھی سوال کیا ہے کہ ’وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے صدر امت شاہ اور قانون کے بھگوڑے للت مودی کا کیا رشتہ ہے؟‘

دوسری جانب این ڈی اے کی اتحادی جماعت شیوسینا نے سشما سوراج کا دفاع کیا ہے۔

واضح رہے کہ للت مودی کو بھارت میں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کا سامنا ہے جنھیں وہ مسترد کر چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنواضح رہے کہ للت مودی کو بھارت میں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کا سامنا ہے جنھیں وہ مسترد کر چکے ہیں

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق شیوسینا کے رہنما سنجے رات نے کہا کہ ’مودی حکومت کو کمزور کرنے کے لیے سشما سوراج کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، شیوسینا کو ان پورا بھروسہ ہے۔‘

بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج پر الزامات لگائے گئے ہیں کہ انھوں نے آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی کو سفری دستاویزات دلانے میں مدد کی تھی۔

واضح رہے کہ للت مودی کو بھارت میں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کا سامنا ہے جنھیں وہ مسترد کر چکے ہیں۔

تاہم جب سے ان پر یہ الزامات لگائےگئے ہیں تب سے وہ برطانیہ سے بھارت واپس نہیں آئے ہیں۔

سشما سوراج اور ان کی پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے اپنی صفائی میں کہا ہے کہ انسانی بنیاد پر للت مودی کی مدد کی گئی لیکن اپوزیشن پارٹی سشما سوراج سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے۔