بھارت میں بس پر بجلی کی تاریں گرنے سے 20 ہلاک

جنوبی ایشیا کے ممالک میں بجلی کی غیر محفوظ تنصیات کے نتیجے میں اکثر حادثات پیش آتے ہیں
،تصویر کا کیپشنجنوبی ایشیا کے ممالک میں بجلی کی غیر محفوظ تنصیات کے نتیجے میں اکثر حادثات پیش آتے ہیں

بھارت کے شمالی علاقے میں حکام کے مطابق ایک بس پر بجلی کی تاریں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ریاست راجھستان کے ضلع ٹونک میں جمعے کو حادثے کا شکار ہونے والی بس میں باراتی سوار تھی۔

اس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی نے ایک مقامی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ بس میں 50 باراتی سوار تھے تاہم دولہا اور دلہن بس میں نہیں تھے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹونک پولیس کے سربراہ دیپک کمار نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کم از کم پانچ بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ بجلی کی تاریں مسافر بس کی چھت پر سامان رکھنے کے لیے بنائے گئے حصے سے ٹکرا گئیں۔

جنوبی ایشیا کے ممالک میں بجلی کی غیر محفوظ تنصیات کے نتیجے میں اکثر حادثات پیش آتے ہیں۔