کنٹرول لائن کے قریب بھارتی فوج اور شدت پسندوں میں جھڑپ

،تصویر کا ذریعہAP
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع كپواڑہ میں بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن کے قریب فوج اور شدت پسندوں کے درمیان تصادم جاری ہے۔
حکام کے مطابق یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب فوج نے ہتھیاروں سے لیس ایک گروپ کو کنٹرول لائن کے قریب روکا۔
ایک سینیئر پولیس افسر نے بتایا کہ بھارتی ’فوج نے تنگدھار سیکٹر میں ہتھیاروں سے لیس شدت پسندوں کے ایک گروہ کو اتوار کی صبح روکا۔‘
پولیس افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ ’فوج کے جوانوں نے جب شدت پسندوں کو چیلنج کیا تو انھوں نے فائرنگ شروع کر دی اور یہ تصادم ابھی بھی جاری ہے۔‘
تاہم ابھی کسی بھی جانب سے کسی ہلاکت کی خبر نہیں ہے۔
اس سے قبل پولیس نے بتایا کہ ایک موبائل فون ٹاور پر ایک دستی بم پھینکا گیا جس میں کسی قسم کے نقصانات کی اطلاعات نہیں ہیں۔
حال میں نامعلوم حملہ آوروں کے مختلف ٹیلی کام اداروں پر کیے جانے والے حملوں میں دو افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوئے۔
اس کی وجہ سے کشمیر کے کچھ حصوں میں ٹیلی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سری نگر سے ہمارے نامہ نگار ریاض مسرور کا کہنا ہے کہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں کے پس پشت شدت پسند تنظیمیں ہیں لیکن اہم شدت پسند تنظیموں نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی سازش قرار دیا ہے۔







