’مجھے تمہاری بیوی سے ہمدردی ہے‘

پیغام بھیجنے والے شخص کا کہنا ہے کہ اس کا اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES

،تصویر کا کیپشنپیغام بھیجنے والے شخص کا کہنا ہے کہ اس کا اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا

فیس بک پر لڑکیوں کو نامعلوم لوگوں سے پیغام ملنا عام بات ہے اور ان میں سے زیادہ تر پیغامات دوستی کی پیشکش ہوتے ہیں۔

لیکن یہ پیغام کئی بار فحش بھی ہوتے ہیں۔

اکثر لڑکیاں انہیں نظر انداز کر دیتی ہیں لیکن دہلی کی ایک طالبہ نے ایک ایسے پیغام کا نہ صرف جواب دیا بلکہ مقدمہ درج کروانے کی دھمکی بھی دے دی۔

اس طالبہ کا جواب اب بھارت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

دہلی یونیورسٹی کی ایک طالبہ کو ایک شخص نے فیس بک پر فحش پیغام دیتے ہوئے ان کے ’جنسی خصائص‘ پر تبصرہ کیا۔

طالبہ نے اس شخص کے پیغام کا جواب دیا اور اسے اپنی پروفائل کی وال پر پوسٹ بھی کر دیا۔

اس وقت سے اب تک ان کی پوسٹ کو چھ ہزار سے زیادہ بار شیئر کیا جا چکا ہے۔

طالبہ کا جواب

اس آدمی نے طالبہ کو ’سیکسی‘ کہتے ہوئے فحش تبصرہ کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

اس کے جواب میں لڑکی نےلکھا ہے کہ ’میں نے آپ جیسے بہت سے گھٹیا لوگ دیکھے ہیں لیکن میں نے انہیں نظر انداز کر دیا اور ایسا کرنا میری غلطی تھی۔ لیکن اب میں یہ یقینی بناؤں گی کہ آپ سرخیوں میں آئیں۔ ہم لڑکیاں فیس بک پر سیکس کرنے یا لوگوں کی توجہ اپنی طرف متوجہ کرنے نہیں آتی ہیں۔ لیکن اگر آپ ایسا چاہتے ہیں تو یہ آپ کے لیے مشہور ہونے کا موقع ہے۔ اب آپ پولیس میں مقدمے کا سامنا کرنے اور فیس بک پر مشہور ہونے کے لیے تیار رہیں۔ میں تمہارے خلاف مقدمہ درج کرا رہی ہوں۔ میرے پاس تمہارے بارے میں تمام معلومات ہیں۔‘

طالبہ نے پیغام بھیجنے والے شخص کی بیوی سے ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ اپنی بیوی سے کہیے کہ میری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں‘۔

دہلی پولیس کے ایک سینیئر افسر مكتیش چندر نے طالبہ کی جانب سے اس پوسٹ کو شیئر کرنے کے اقدام کی تعریف کی اور انھیں مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا ہے۔

دوسری جانب پیغام بھیجنے والے شخص کا کہنا ہے کہ اس کا اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا اور کسی نے اس کا غلط استعمال کیا ہے۔ اس شخص نے اب فیس بک سے اپنا اکاؤنٹ ہی ڈي ایكٹوویٹ کر دیا ہے۔