’زمین بل‘ پر جھوٹا پروپیگنڈا ہو رہا ہے: نریندر مودی

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارتی وزیر اعظم نریندر اپنے غیرملکی دورے سے واپسی کے بعد دہلی میں بی جے پی کے اراکینِ پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے غریبوں کے لیے چلائے جانے والے سرکاری منصوبوں پر بات کی۔
خیال رہے کہ آج ہی دہلی کے رام لیلا میدان میں کانگریس کسانوں کی ریلی نکال رہی ہے اور مبصرین کا خیال ہے کہ نریندر مودی نے میڈیا کا دھیان اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے ایسا کیا ہے۔
دہلی میں بی جے پی کے اراکینِ پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے اپنے فرانس، جرمنی اور کینیڈا کے حالیہ دوروں کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔
انھوں نے کہا کہ فرانس بھارت کو جوہری ری ایکٹر ہندوستان میں ہی بنا کر دے گا جبکہ کینیڈا پانچ سال تک جوہری ایندھن فراہم کرتا رہے گا۔
خیال رہے کہ بھارت کی سابق حکمراں جماعت کانگریس رواں حکومت کی ’زمین بل‘ کے خلاف کسانوں کی ریلی کر رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹی مودی پر غریب مخالف ہونے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
مودی نے کہا کہ زمین بل پر جھوٹا پرچار کیا جا رہا ہے۔
مودی نے کہا: ’میں نے پارلیمنٹ میں اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ یہ حکومت غریبوں کو وقف ہے۔ جب میں حکومت کے غریبوں کو وقف ہونے کی بات کرتا ہوں تو پراگندہ ذہنیت کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مودی زمین بل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
مودی نے کہا: ’ہمارا خواب ہے کہ ملک کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر ملک میں ہر کسی کے پاس اپنا گھر ہو۔ جن کے پاس گھر نہیں ہیں، وہ کون لوگ ہیں؟ وہ غریب نہیں ہیں کیا؟ کیا ہم کسی ٹی وی چینل کے مالک، اخبار کے مالک یا مکیش امبانی کا گھر بنانے کی بات کر رہے ہیں؟‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ‘ منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا: ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ افسروں، ارکین پارلیمنٹ کی بیٹیوں کو آگے بڑھانے کے لیے نہیں ہے، بلکہ غریبوں کی بیٹیوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہے۔‘
مودی نے کہا کہ اقلیتوں کی بیٹیوں میں ناخواندگی کی شرح سب سے زیادہ ہے۔
انھوں نے کہا: ’اگر ہمارے مسلمان خاندانوں کی بیٹیاں ناخواندہ ہیں تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ دلتوں، پسماندہ طبقات، قبائلیوں کی بیٹیاں اگر ناخواندہ ہیں تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔‘

،تصویر کا ذریعہAP
وزیر اعظم نے کہا کہ ’سیاست نے ملک کو تباہ کیا ہے قومی منصوبے سے ہی ملک کی ترقی ہو سکتی ہے۔ ہماری سرگرمیاں سیاست کے ترازو میں نہیں بلکہ راشٹرنیت (قومی منصوبے) کے ترازو میں تولي جانی چاہیے۔‘
مودی نے ’جن دھن‘ (عوامی دولت) منصوبہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اس کا سہرا بینک ملازمین کے سر باندھا اور کہا کہ ان کی کوشش غریبوں کو طاقت دینے کے سمت ہے۔
انھوں نے کہا کہ فصلوں کو ہونے والے نقصانات پر ملنے والے معاوضے کے قوانین میں نرمی کی گئی ہے اور معاوضے کی رقم ڈیڑھ گنا کر دی گئی ہے۔ انھوں نے پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ حکومت کی کامیابیوں کو عوام تک پہنچائيں۔
مودی نے کہا: ’ہم چاہتے ہیں کہ گاؤں میں زیادہ رقم آئے، تاکہ گاؤں کی قوت خرید میں اضافہ ہو۔‘







