مودی نے کسانوں کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کر دیا

،تصویر کا ذریعہPIB
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بےموسم برسات اور اولے پڑنے سے متاثرہ کسانوں کی مدد کے لیے بدھ کو دو اعلانات کیے۔
انھوں نے کہا کہ اخراجات پر سبسڈی (رعایت) حاصل کرنے کے لیے پہلے کسانوں کی 50 فیصد یا اس سے زیادہ فصل کا برباد ہونا ضروری ہوا کرتا تھا۔ لیکن اب وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ اس معیار کو کم کرکے 33 فیصد کر دیا گیا ہے۔
یعنی اب جس کسان کی ایک تہائی فصل کو نقصان پہنچتا ہے تو اسے سبسڈی ملے گی۔
وزیر اعظم مودی نے بدھ کو ’پردھان منتری مائیکرو یونٹس ڈیویلپمنٹ اینڈ ریفائنری ایجنسی (ایم یو ڈی آر اے یعنی مدرا) لمیٹڈ‘ کا اجرام کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔
اس موقعے پر انھوں نے 20 کھرب مالیت کا مدرا بینک بھی لانچ کیا جس کو تین کھرب قرضوں کی گارنٹی ہوگی۔
یہ بینک چھوٹے مالی اداروں کو فائنینس کرے گا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
مودی نے کہا کہ متاثرہ کسانوں کو کھیتی کی لاگت میں دی جانے والی سبسڈی میں 50 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے حالیہ دنوں ملک میں ہونے والی بےموسم بارش اور اولے سے کسانوں کو ہونے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں کسانوں کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت نے نقصان کا اندازہ اور تخمینہ لگانے کے لیے متاثرہ علاقوں میں مرکزی وزرا کی ٹیمیں بھیجی ہیں۔
مودی نے یقین دلایا کہ مرکزی او ریاستی حکومتیں، بینک اور انشورنس کمپنیاں متاثرہ کسانوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کریں گی۔
دریں اثنا مرکزی وزیر برائے زراعت رادھا موہن سنگھ نے کہا ہے کہ راجستھان میں فصلوں کو ہونے والے نقصانات کی رپورٹ حکومت کو موصول ہو گئی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ نقصان کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی حکومت کی ٹیم نو اپریل کو ریاست کا دورہ کرے گی۔







