بنگلہ دیش: بس پر بم حملہ، سات مسافر جل کر ہلاک

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بعد قریبی دیہاتوں پر چھاپے مارے گئے ہیں

،تصویر کا ذریعہunk

،تصویر کا کیپشنپولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بعد قریبی دیہاتوں پر چھاپے مارے گئے ہیں

بنگلہ دیش میں ایک مسافر بس پر پیٹرول بم کے حملے میں سات افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کو علی الصبح ملک کے مشرقی حصے میں چوداگرم نامی قصبے کے قریب پیش آیا ہے۔

حکام کے مطابق بس پر اس وقت حملہ کیا گیا جب اس میں سوار زیادہ تر افراد سو رہے تھے۔

بنگلہ دیش میں گذشتہ ماہ حکومت مخالف مظاہروں کے آغاز کے بعد سے<link type="page"><caption> بسوں اور گاڑیوں پر حملوں میں اضافہ </caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/regional/2015/01/150114_bangladesh_violence_rwa.shtml" platform="highweb"/></link>ہوا ہے۔

ان مظاہروں کی کال اپوزیشن کی رہنما خالدہ ضیا نے انتخابات کے ایک برس کی تکمیل پر دی تھی۔

تاہم خالدہ ضیا کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی اور اس کی اسلام پسند اتحادی جماعتیں اس حملے کی ذمہ دار نہیں ہیں۔

مقامی پولیس کے سربراہ توتل چکرورتی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’سات مسافر اس وقت زندہ جل گئے جب چار بجے کے قریب پیٹرول بم بس میں پھینکا گیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ 15 زخمیوں میں سے پانچ کی حالت نازک ہے اور انھیں علاج کے لیے ڈھاکہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بعد قریبی دیہاتوں پر چھاپے مارے گئے ہیں لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

بنگلہ دیش میں پولیس نے مظاہروں کے آغاز کے بعد سے اب تک اپوزیشن کے سات ہزار حامیوں کو گرفتار کیا ہے۔