اوباما بھارت میں: سری فورٹ میں نوجوانوں سے خطاب

پیر کو براک اوباما اور نریندر مودی دونوں رہنماؤں نے باہمی رشتوں میں اضافے کو سراہا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپیر کو براک اوباما اور نریندر مودی دونوں رہنماؤں نے باہمی رشتوں میں اضافے کو سراہا

امریکی صدر براک اوباما اپنے بھارتی دورے کے آخری دن نئی دہلی میں نوجوانوں سے ایک ٹاؤن ہال انداز کی میٹنگ کرنے والے ہیں۔

اوباما کا یہ تین روزہ دورہ امریکہ اور بھارت جیسے دو بڑے اتحادیوں کے درمیان معاشی رشتوں کو فروغ دینے کے لیے تھا۔

پیر کو ایک مشترکہ تجارتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ امریکہ اور بھارت کے اقتصادی رشتوں میں بہت سے ایسے امکانات ہیں جن پر ابھی تک نظر نہیں ڈالی گئی ہے۔

اس سے قبل انھوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں بھی شرکت کی جس میں بھارت اپنی فوجی قوت کا مظاہرہ کرتا ہے۔

اتوار کو دورے کے پہلے دن صدر اوباما اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دونوں ممالک کے درمیان تعطل کے شکار سول جوہری معاہدے میں پیش رفت کا اعلان کیا۔

یہ معاہد گذشتہ بھارتی حکومت کے ساتھ سنہ 2008 میں ہوا تھا۔

صدر اوباما پیر کو ہونے والی بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمانِ خصوصی تھے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنصدر اوباما پیر کو ہونے والی بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمانِ خصوصی تھے

منگل کو براک اوباما دہلی کے سری فورٹ آڈیٹوریم میں منتخب سامعین سے خطاب کریں گے اور ان کے سوالوں کے جواب دیں گے۔

اطلاعات کے مطابق براک اوباما اس موقعے پر معیشت اور جمہوری اقدار پر اظہار خیال کریں گے۔

پیر کو براک اوباما اور نریندر مودی دونوں رہنماؤں نے باہمی رشتوں میں اضافے کو سراہا جبکہ بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں کے درمیان مضبوط رشتے ’تمام لوگوں کے لیے اس دنیا کو بہتر جگہ بنائیں گے۔‘

اوباما نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں 60 فی صد ا‌ضافہ ہوا ہے جو ہر طرح سے جیت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم صحیح سمت میں بڑھ رہے ہیں۔ لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ امریکہ بھارت معاشی رشتوں میں بہت سے غیر استعمال شدہ امکانات بھی موجود ہیں۔

صدر اوباما کا بھارتی دورہ سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کے انتقال کے سبب مختصر ہو گیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ اب اس دورے میں تاریخی تاج محل نہیں دیکھ سکیں گے۔