’سچ مچ چیونگ گم، وہ بھی رسمی پریڈ کے دوران؟‘

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارت میں یوم جمہوریہ پریڈ کے دوران امریکی صدر براک اوباما کے چیونگ گم چبانے کے حوالے سے ٹويٹر پر کافی تبصرے ہو رہے ہیں۔
یوم جمہوریہ پریڈ کے مہمان خصوصی اوباما چیونگ گم کو منہ سے نکالتے اور پھر منہ میں رکھتے ہوئے کیمرے میں آ گئے تھے۔
ٹیلی ویژن پر یہ منظر دیکھ رہے بہت سے بھارتی فوری طور ٹوئٹر پر مذاق اڑانے لگے۔
میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ اوباما نیکوٹین چیونگ گم چبا رہے تھے کیونکہ وہ سگریٹ پینے کی عادت چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مصنفہ شوبھا ڈے نے ٹویٹ کیا ’براک بھائی اپنے جبڑوں سے زیادہ کام لے رہے ہیں اور چیونگ گم چبا رہے ہیں! کم سے کم یہ گٹکا تو نہیں ہے لیکن سچ مچ چیونگ گم، وہ بھی ایک رسمی پریڈ کے دوران؟‘
صارف اجتھ نے ٹویٹ کیا ’براک اوباما چیونگ گم چبا رہے ہیں۔ امید ہے کہ وہ اسے تھوك كر صاف ہندوستان مہم کو خطرے میں نہیں ڈالیں گے۔‘
زیادہ تر صارفین نے جہاں تنقید کی وہیں کچھ نے اس پر مزاحیہ تبصرہ بھی کیا۔
صارف را بيذ نے ٹویٹ کیا ’خبریں ہیں کہ ایئر فورس ون میں 100 کلو چیونگ گم لائی گئی تھی اور اوباما نے ان میں سے آدھی تین گھنٹے کے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے دوران کھا لیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک اور صارف رامكی نے لکھا ’پریڈ کے دوران اوباما کتنی چیونگ گم چبائیں گے؟ اس سے بھی اہم سوال یہ ہے کہ وہ اسے ٹھکانے کہاں لگا رہے ہیں؟‘
دیوپرا مترا نے پوسٹ کی ’اے اے۔ جب مودی بول رہے تھے تو اوباما نے اپنے منہ سے چیونگ گم نکال لی اور جب بات چیت ختم ہو گئی تو اسے واپس منہ میں رکھ لیا۔‘
ریکھا جھا نے ٹویٹ کیا ’یہ دیکھنا مضحکہ خیز ہے کہ وہ لوگ جو ہندوستانی لیڈروں کے انتہائی خراب اور شرمناک جرائم کو معاف کر دیتے ہیں، وہ اوباما کے چیونگ گم چبانے پر تنقید کر رہے ہیں۔‘
بیڈ ڈاکٹر کے نام کے صارف نے کہا ’اوباما صرف چبا ہی تو رہے تھے، ہم ہندوستانیوں کی طرح تھوک تو نہیں رہے تھے۔‘







